عوام نے دھرنوں کی سیاست کویکسر مسترد کردیا ہے،حکومت نے ٹی او آرز کا معاملہ پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنے کی مخلصانہ کوششیں کیں،چودھری رفعت جاوید

منگل 15 نومبر 2016 16:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و ڈپٹی میئر اسلام آباد چودھری رفعت جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف افواہ ساز فیکٹریاں پہلے بھی کام کرتی رہی ہیں اور اب ایک بارپھر انہوںنے سراٹھانا شروع کردیا ہے مگر ہمیشہ کی طرح اس بار بھی وزیراعظم نوازشریف سرخرو ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف نے خود کو رضاکارانہ طورپر احتساب کیلئے پیش کیا ہے حالانکہ ان کانام تو پاناما پیپرز میں کہیں بھی موجود نہیں ہے،حکومت نے ٹی او آرز کا معاملہ پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنے کی سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کیں لیکن اتفاق رائے نہ ہوسکا کیونکہ اپوزیشن پوائنٹ سکورنگ کیلئے اس مسئلے پر سیاست کرتی رہی۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں چودھری رفعت جادیدنے کہاکہ عمران خان کی پسند ناپسند پر وزیراعظم کو ہٹانے کا فیصلہ نہیں ہوسکتا،پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو 2013ء میں اندھرے میں ڈوباہوا پاکستان ملا،ملکی ترقی میں اہم رکاوٹ دھرنوں کی سیاست ہے جسے عوام نے یکسر مسترد کردیا ہے۔

وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کی بہترین حکمت عملی کے باعث دھرنے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھناپڑا۔ ڈپٹی میئر چودھری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے کہاکہ موجودہ حکومت بہتر حکمت عملی کے تحت پاکستان کومعاشی ترقی کی راہ پر گامزن کررہی ہے اور یہ ہماری بہتر حکمت عملی کا نتیجہ ہے کہ دنیا پاکستان کو ابھرتی معیشت قرا ر دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :