نجم سیٹھی چیف ایگزیکٹو بن کر پاکستان سپر لیگ کمپنی کو سنبھالیں گے

منگل 15 نومبر 2016 15:20

نجم سیٹھی چیف ایگزیکٹو بن کر پاکستان سپر لیگ کمپنی کو سنبھالیں گے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) سپر لیگ کمپنی بارے مزید تفصیلات سامنے آگئیں ، کمپنی کے تمام تر اختیارات چیف ایگزیکٹو کے پاس ہوں گے جس کا قلمدان نجم سیٹھی سنبھالیں گے جبکہ کمپنی کا چیئرمین پی سی بی بورڈ کے باہر سے لئے گئے دو ارکان میں سے ہو گا اور وہ کمپنی کا آئینی سربراہ ہو گا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے پی سی بی گورننگ بورڈ نے پی ایس ایل کمپنی کے پانچ ڈائریکٹرز کی منظوری دی تھی جس میں تین ارکان نجم سیٹھی ، شکیل شیخ اور منصور خان پی سی بی گورننگ بورڈ سے جبکہ دو ٹیکنو کریٹ ارکان پرائیویٹ سیکٹر سے لئے گئے تھے جن میں ٹیکسیشن و قانون کے ماہر سابق وزیر ضیا رضوی اور کراچی سٹاک ایکسچینج کے سابق صدر عارف حبیب شامل ہیں ۔

سپر لیگ کمپنی کے چیئرمین کیلئے ضیا رضوی کا نام لیا جا رہا ہے ۔ ضیا رضوی کا کہنا ہے کہ سپرلیگ 2 کیلئے تما م امور نمٹائے جا چکے ہیں لہذا اس کے انعقاد کے بعد پی ایس ایل کمپنی باقاعدہ کام شروع کریگی اور لیگ میں مزید انویسٹر بھی آئینگے ، جبکہ چند کمپنیوں نے ابھی سے ان کیساتھ رابطہ شروع کر دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کمپنی کو پروفیشنل بنیادوں پر چلایا جائیگا جس کیلئے وہ اپنی تمام تر مہارت کو استعمال کرینگے ۔