ہری پور شہر میں ریڑھی بانوں نے سڑکوں پر دوبارہ قبضہ جما لیا

منگل 15 نومبر 2016 14:40

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) تجاوزات کے خلاف آپریشن کے ثمرات عوام کو نہیں مل سکے، ریڑھی بانوں اور تھڑے فروشوں نے سڑکوں پر دوبارہ قبضہ جما لیا ہے، آپریشن یا تجاوزات کے خلاف کارروائی کی پیشگی اطلاع ملنے پرریڑھی بان اور تھڑے فروش سب کچھ سمیٹ کرغائب ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ہری پور شہر میں تجاوزات کے خلاف متعدد مرتبہ کارروائیاں کر کے تھڑوں اور ریڑھیوں کا خاتمہ کیا، متعدد مرتبہ وارننگ بھی دی گئی مگر اس کے باوجود شہر بھر میں تجاوزات دوبارہ قائم کر دی جاتی ہے جس پر ہری پور میں ٹریفک مسائل میں بھی روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، قبضہ مافیا نے فٹ پاتھوں پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں جبکہ متعدد لوگوں نے پختہ تجاوزات بھی قائم کر رکھی ہیں جس کے باعث عوام کو پیدل چلنے اور دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں نے افسران بالا سے درخواست کی ہے کہ تجاوزات کے خلاف گرینڈ کارروائی عمل میں لا کر سڑکوں کو واگزار کرایا جائے اور بار بارخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور بعدازاں ضلعی انتظامیہ پختہ تجاوزات کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کرے۔