یورپی یونین کا تہران سے بیلسٹک میزائل تجربات روکنے کا مطالبہ

ایران جوہری اسلحہ ،وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تیاری پر پابندی کے عالمی معاہدوں کی پاسداری کرے، مطالبہ بیلسٹک میزائلوں کی تیاری اور تجربات براہ راست سپریم لیڈر کے حکم پر کئے جا رہے ہیں،حسن فیروز آبادی عسکری مشیر آیت اللہ خامنہ ای

منگل 15 نومبر 2016 13:57

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) یورپی یونین نے ایک بار پھر ایران کے متنازع میزائل پروگرام پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تہران سے بیلسٹک میزائلوں کے تجربات روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کے 28 ممالک کے وزراء خارجہ نے برسلز میں ہونیوالے اجلاس کے دوران ایران پر جوہری اسلحہ اور وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تیاری پر پابندی کے عالمی معاہدوں کی پاسداری پر زور دیا۔

یورپی یونین کی طرف سے کہا گیا کہ ایران اپنے متنازع جوہری پروگرام پر طے پائے عالمی معاہدے کی تمام شرائط پر عملدرآمد میں ناکام رہا ہے۔یورپی یونین کے وزرا ء خارجہ نے کہاہے کہ ایران کے بیلسٹک میزائل مشرق وسطیٰ اور پوری دنیا کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

درایں اثناء ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے عسکری مشیر اور سابق آرمی چیف جنرل حسن فیروز آبادی نے کہا ہے کہ بیلسٹک میزائلوں کی تیاری اور ان کے تجربات براہ راست سپریم لیڈر کے حکم پر کئے جا رہے ہیں۔

ایک انٹرویو میں جنرل فیروز آبادی نے کہاکہ جب تک مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف کسی میزائل تجربے کی اجازت نہ دیں اس وقت تک کوئی میزائل خلا میں تجربے کیلئے نہیں چھوڑا جاسکتا۔ یہی وجہ ہے کہ ایران میں بیلسٹک میزائلوں کے تمام تجربات سپریم لیڈر کے حکم پر کئے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :