Live Updates

عمران خان کی جلن کے لیے دوائی تیار کرنے پر غور کررہے ہیں، سعد رفیق

منگل 15 نومبر 2016 13:54

عمران خان کی جلن کے لیے دوائی تیار کرنے پر غور کررہے ہیں، سعد رفیق
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ تحریک انصاف اپنے نام کی ضد ہے اور ان کی سیاست میں لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور بغیر ثبوت الزام لگانے کے علاوہ کچھ نہیں جب کہ عمران خان صاحب کی جلن کے لیے کونسی برنول تیار کرنی پڑے گی اس پر غور کررہے ہیں، پنڈی کے سیاستدان کی تو عقل ہی ماری گئی ، اگر کوئی 40 سال کے بعد کہے کہ آپ سیاست کی جگہ کچھ اور کرلیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ فارغ آدمی ہیں،وہ توند نکال کر کبھی کسی ادھار کے جلسے یا کسی ٹی وی شو میں آجاتے ہیں جہاں لمبی لمبی چھوڑتے ہیں ، پاکستان کا ہر شخص ملک کی ترقی چاہتا ہے،عمران خان اور اس کے ساتھی پاکستانی کی خواہش پر پانی پھیررہے ہیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہمارے سیاسی مخالفین کی سیاست جھوٹ اور بہتان کی سیاست ہے، پنڈی کے سیاستدان کی تو عقل ہی ماری گئی ہے کیونکہ اگر کوئی 40 سال کے بعد کہے کہ آپ سیاست کی جگہ کچھ اور کرلیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ فارغ آدمی ہیں لیکن وہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کی تعریف کی گئی ہے، آج انہیں سند مل گئی ہے کہ وہ سیاست میں فارغ آدمی ہیں، وہ توند نکال کر کبھی کسی ادھار کے جلسے یا کسی ٹی وی شو میں آجاتے ہیں جہاں لمبی لمبی چھوڑتے ہیں لیکن ان کے اپنے حالات یہ ہیں کہ جب انہوں نے پنڈی میں جلسے کی کال دی تو صرف 4 لوگ دستیاب تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے نام کی ضد ہے، جب سے وہ سیاست میں آئے ہیں اور جس طرح کی سیاست وہ کرتے ہیں اس میں لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور بغیر ثبوت الزام لگانے کے کچھ نہیں، پاکستان کا ہر شخص جو پاکستان کی ترقی چاہتا ہے، ہر وہ پاکستانی جو چاہتا ہے کہ پاکستان ترقی کرے عمران خان اور اس کے ساتھی اس پاکستانی کی خواہش پر پانی پھیررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جلن اور حسد کا علاج تو حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں، اب عمران خان صاحب کی جلن کے لیے کونسی برنول تیار کرنی پڑے گی اس پر غور کررہے ہیں لیکن ضرور کوئی خاص دوائی ہوگی۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کوئی مقدمہ جب عدالت میں زیر سماعت ہو تو اس پر تبصرے سے گریز کرنا چاہئے، عدالتی فیصلے کا سب کو انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے ۔

اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ مخالفین کو ہدایت دے ۔اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں اس ملک کی سب سے بڑی عدالت پر پورا اعتماد اور یقین ہے، اس عدالت سے ہی ہمیں انصاف ملا ہے جب کہ بڑے اور بلند بانگ دعوے جو تحریک انصاف کی طرف سے کیے جاتے تھے سب کھوکھلے نکلے اور ان کی حقیقت سب کے سامنے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کیس میں تحریک انصاف اور ہمارے مخالفین نے شور مچا یا ہوا ہے لیکن اس کے باوجود وزیراعظم نے خود کو ہر فورم پر پیش کرنے کی کوشش کی تاہم شکر اداکرتے ہیں کہ عدالت کی کارروائی شروع ہوگئی ہے اور دونوں فریقین عدالت کے سامنے ہیں، ہمیں کل بھی فتح ہوئی تھی اور ایک بار پھر انصاف ملے گا اور پاکستان کے عوام کو فتح حاصل ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات