جونیئر ہاکی ورلڈ کپ ،ٹیم بھارت بھیجنے کا فیصلہ نہ ہوسکا

منگل 15 نومبر 2016 13:15

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ ،ٹیم بھارت بھیجنے کا فیصلہ نہ ہوسکا

لاہور۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا پہلا ٹارگٹ کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرنا اور اس کے بعد دوسرا ٹارگٹ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔ جوہر ٹائون ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منگل کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستانی جونیئر ٹیم کا پول سخت ہے اور اس میں ہالینڈ اور بیلجیئم کی ٹیمیں بھی شامل ہیں، ہمارا پہلا میچ ہالینڈ سے ہے اور اس میچ پر زیادہ فوکس کر رہے ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ ہالینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی کے مرحلے کو آسان کریں۔

انہوں نے کہاکہ ہر ٹیم جیت کیلئے ہی ٹورنامنٹ میں شرکت کرتی ہے اور ہم بھی جیت کیلئے ہی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی کارکردگی پہلے سے بہتر ہے، سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے دوران جو کمزوریاں سامنے آئی ہیں ان کو تربیتی کیمپ میں دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اب تک کی ٹریننگ میں پنلٹی کارنر، دفاع، اٹیک کے شعبے پر زیادہ توجہ دی گئی ہے، گزشتہ ٹورنامنٹس میں کھلاڑیوں کے جذباتی پن کی وجہ سے ان کو متعدد دفعہ کارڈز ملے جس کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی پر فرق پڑا، اچھی ٹیم کے خلاف کم کھلاڑیوں سے نہیں کھیلا جاسکتا اور کیمپ میں اس خامی کو بھی دور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گول کیپنگ کا شعبہ بہت اہم ہوتا ہے، میچز جیتنے میں گول کیپر60 فی صد کردار ادا کرتا ہے، ہمارے پاس اچھے گول کیپرز ہیں جن کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے کام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ منگل کو کھلاڑیوں کو ٹریننگ سے ریسٹ دیا گیا ہے تاہم ویڈیو سیشن کے ذریعے انہیں ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی دیگر ٹیموں کی کمزوریوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دینا حکومت اور ہاکی فیڈریشن کا کام ہے، ہم تو صرف اور صرف ٹورنامنٹ کیلئے تیاری کر رہے ہیں، کھلاڑیوں کے بھارتی ویزہ کیلئے درخواستیں کافی دن قبل جمع کروا دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، جونیئر ورلڈ کپ میں کھلاڑی 100فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، مختلف ٹورنامنٹس کھیل کر ان کے اندر کافی اعتماد آچکا ہے اور وہ جونیئر ورلڈ کپ میں جیت کیلئے پر امید ہیں ۔

متعلقہ عنوان :