یورپی یونین نے شام کے مرکزی بنک کے گورنر سمیت 17 وزراء کو بلیک لسٹ قرار دیدیا

منگل 15 نومبر 2016 12:24

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) یورپی یونین نے شام میں نہتے شہریوں پر ظلم وبربریت ڈھانے کے جرم میں 17 وزیروں اور شام کے مرکزی بنک کے گورنر کوبلیک لسٹ کرتے ہوئے ان پر اقتصادی پابندیاں عائد کردی ہیں۔منگل کوذرائع کے مطابق برسلز میں ہونے والے 28 یورپی ملکوں کے مشترکہ اجلاس کے دوران شامی حکومت میں شامل شخصیات کے خلاف پابندیوں کی ایک نئی فہرست کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

یورپی یونین کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یونین نے شامی حکومت کی17 وزراء اور دیگر حکومتی عہدیداروں کے سفر پرپابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اثاثے منجمد کردیے ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں بھی پوری یونین نے ایک اجلاس کے دوران 200 شامی شخصیات کی فہرست میں مزید 10 ناموں کا اضافہ کرتے ہوئے انہیں بلیک لسٹ کردیا تھا۔یورپی یونین کی جانب سے شام کی بلیک لسٹ کی گئی شخصیات کی تعداد 230 تک جا پہنچی ہے۔ پابندیوں کے نتیجے میں اسدحکومے کے مقرب 69 اداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پابندیوں کی فہرست میں شامل شخصیات اور اداروں کے ساتھ کسی قسم کے لین دین، اسلحہ، تیل کی خریدو فروخت اور سرمایہ کاری پر پابندیاں شامل ہیں۔