وزیراعلیٰ بلوچستان کی لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت

پیر 14 نومبر 2016 23:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 7جوانوں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیاہے ، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بھارت اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کے لیے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جس کا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہے اور بھارت کو دونوں ممالک میں کشیدگی میں اضافے سے روکنا چاہیے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہادر پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی توپوں کا منہ بند کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت ایل او سی کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں مداخلت کا مرتکب ہو رہا ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے یک جہت ہے ، وزیراعلیٰ نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔