سائنسی علوم کے فروغ اور طالب علموں میں مضامین کی دلچسپی کیلئے سائنس سنٹرزبہترین کردارادا کرسکتے ہیں،کمشنر

پیر 14 نومبر 2016 22:57

فیصل آباد ۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ سائنسی علوم کے فروغ اور طالب علموں میں ان سے زیادہ سے زیادہ دلچسپی پیدا کرنے کے لئے سائنس سنٹرزبہترین کردارادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے یہ بات جیل روڈ پر قائم سائنس سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی ڈائریکٹر سائنس سنٹر محمدحسنین،اسسٹنٹ سائینٹفک آفیسر محمدسعید اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

ڈویژنل کمشنر نے سائنس سنٹر میں فزیکل سائنس لیبارٹری سمیت دیگر شعبوں کی معلومات پر مبنی محفوظ کئے گئے ریکارڈ کاجائزہ لیااورسائنس کے طالب علموں کے لئے موجود سہولیات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ فزکس، کیمسٹری، بیالوجی اور ریاضی کے زیرتعلیم زیادہ سے زیادہ طالب علموں کوان علوم سے آشنائی کے لئے سکولوں سے رابطہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کمشنر نے سائنس سنٹر کے زیراہتمام سائنس کی اہمیت وافادیت اجاگر کرنے کے لئے سیمینارز اوردیگر آگاہی پروگرامز کے انعقاد کوخوش آئندقرار دیا۔

انہوں نے پلاٹینیم سنٹر کا دورہ کیا اور سٹریکچر کے مختلف حصے بھی دیکھے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر سائنس سنٹر محمدحسنین نے سنٹر کے قیام کے اغراض ومقاصد پرروشنی ڈالی اوربتایا کہ 2010ء میں قائم ہونے والے سنٹر میں رواں سال اب تک مختلف آگاہی پروگرامز کے انعقاد کے علاوہ ہائر سیکنڈری لیول کے طلباء وطالبات کو میوزیم اورفزیکل سائنس کے دورے کرائے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سنٹر کے میوزیم میں پہاڑی خطہ،سلسلہ کوہ نما،میدانی علاقہ ،صحرا اور ساحلی علاقہ،نباتاتی سائنس،فوسلز،معاشی اہمیت کی معدنیات، زراعت،ارضیاتی تاریخ،نظام شمسی،زندگی کی بنیاد،بے تخم پودے،چٹانیں ‘ھمالیہ،پودوں کا ارتقا،کپاس،ریشے سے کپڑے تک اوردیگر شعبوں پر مشتمل عوامی دلچسپی کی تاریخی ونادر اشیاء رکھی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چائنہ سے ڈائنوسار بھی درآمد کیا گیا ہے جس میں طالب علموں کی طرف سے گہری دلچسپی کااظہار کیا جارہا ہے۔