شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒ کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے میں پھیلایا جائے اور بھائی چارگی کے پیغام پر عمل کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

پیر 14 نومبر 2016 22:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ایک عظیم صوفی بزرگ اور بین الاقوامی سطح کے بڑے شاعر ہیں ، جنہوںنے اپنے عہد کے حالات، واقعات، تفکرات، معاشرتی و معاشی صورتحال،عوام کے جذبات اور تصورات کو واضح انداز میں اپنی شاعری میں پیش کیا ہے۔یہ بات انہوں نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒکی273ویں سالانہ عرس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شاہ لطیف نے عوام کے دکھوں، تکالیف، مسائل کے ساتھ ساتھ اپنے عہد کی تاریخ، سیاسی واقعات اور بین الاقوامی صورتحال کو اچھے طریقے سے بیان کیا ہے، جبکہ ان کا کلام آفاقی نوعیت کا ہے ،کیونکہ انہوں نے اپنے اشعار میںسندھ اور سندھ کے عوام کے ساتھ پورے عالم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بارگاہ الاہی میں دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی سرزمین صوفیوں، بزرگوں اور دانشوروں کی سرزمین ہے جنہوں نے اپنے کلام ، بیان اور پیغام میں ہمیشہ محبت، اخوت، بھائی چارگی، امن، اور انسان دوستی کا درس دیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ شاہ صاحب کا کلام دنیا کے لئے آسودگی و خوشحالی کے دعاؤں سے مزین ہے اور شاہ بھٹائی ؒنے نفرتوں، مفافقوں، غریب دشمنوں، منافع خوروں، وطن دشمنوں اور مفاد پرستوں کے خلاف اپنے اشعار میں اظہار کیا ہے اور اپنے ہر شعر میں اپنے دیس کے حالات کی واضح عکاسی کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبہ میں بسنے والوں پر زور دیا کہ وہ ان بزرگوں کی تعلیمات پر عمل کرکے صوبہ سندھ کو ترقی، خوشحالی اور بہتری کی طرف لے جانے کیلئے حکومت کی کوششوں میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں۔

سید مراد علی شاہ نے نئی نسل باالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے حصول کی طرف بھرپور توجہ دیں اور محنت ، جدوجہد اور مقابلہ تعلیم کو اپنے کیرئیر کا حصہ بناتے ہوئے شاہ لطیف ؒ کے پیغام پر عمل پیرا ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے شاہ عبدالطیف بھٹائی کے سالانہ عرس کے موقعہ پر درگاہ پر سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :