جہانگیر بدر حقیقی سیاسی کارکن، مخلص جمہوریت پسند ، بھٹو خاندان کے وفادار کی حیثیت سے پارٹی کا عظیم سرمایہ تھے، آصف علی زرداری

پیر 14 نومبر 2016 22:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2016ء) سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پارٹی کے سابق سیکریٹری جنرل اور پارٹی کے سینیٹر جہانگیر بدر پیر کی صبح وفات پر انتہائی، رنج وغم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ جہانگیر بدر ایک حقیقی سیاسی کارکن، مخلص جمہوریت پسند اور بھٹو خاندان کے وفادار کی حیثیت سے پارٹی کا عظیم سرمایہ تھے جن کی وفات کا غم تمام سیاسی پارٹیوں نے منایا اور تعزیت کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ جہانگیر بدر کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا طویل عرصے تک پُر نہیں کیا جا سکے گا۔ انہوں نے بہادری، شجاعت اور جذبے سے متعدد سیاسی لڑائیاں لڑیں اور سیاسی جدوجہد میں آگے آگے رہے۔

(جاری ہے)

ان کی سیاست چار دہائیوں پر پھیلی رہی اور وہ سیاسی کارکنوں کے لئے ایک مثال کی حیثیت رکھتے تھے۔ سابق صدر نے کہا کہ جہانگیر اس بات پر فخر کرتے تھے کہ وہ بھٹوز کی تین نسلوں (شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری) کے ساتھ سیاسی جدوجہد کرتے رہے اور یہ ایک ایسا اعزاز ہے جس کا دعویٰ صرف چند لوگ ہی کر سکتے ہیں۔

جہانگیر بدر نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سیاسی فلسفے اور سیاسی جدوجہد کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی اور یہ پی ایچ ڈی انہوں نے ایک سنیٹر کی حیثیت سے کی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ بھٹوز سے بے انتہا محبت کرتے تھے۔ آصف علی زرداری نے اللہ تعالیٰ سے جہانگیر بدر کی روح کے ایصال ثواب کی دعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :