پنجاب جرنلسٹ ہائوسنگ فائونڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس، جرنلسٹ کالونی فیز ٹو کی منظوری دے دی گئی

پیر 14 نومبر 2016 22:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) پنجاب جرنلسٹس ہائوسنگ فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنر کا اجلاس چار سال بعد ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں ایم پی اے عظمیٰ بخاری، سیکرٹری انفارمیشن پنجاب راجہ جہانگیر، صدر پریس کلب محمد شہباز میاں، سیکرٹری شاداب ریاض، ایڈمنسٹریٹر پی جے ایچ ایف، کرنل اطہر ناصراور ایڈیشنل سیکرٹری انفارمیشن شاہد اقبال سمیت تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں پریس کلب کے 2012 اور 2015 میں بننے والے نئے ممبران کیلئے صحافی کالونی فیزٹو کی منظوری دے دی گئی جس کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق کمیٹی رائیونڈ روڈ پر جگہ کا تعین کرے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گذشتہ چار سال کے دوران وفات پاجانے والے ایف بلاک کے ممبران کے اہل خانہ کو بھی پلاٹ دیئے جائیں گے جبکہ بی بلاک کے 72 کلیئر پلاٹس کا قبضہ بھی جلد ممبران کے حوالے کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صحافی کالونی کے کمرشل ایریا کی نیلامی کی بھی منظوری دی گئی ، پلاٹوں کی ترانسفر پالیسی کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت پی جے ایچ ایف کی طرف سے ملنے والے پلاٹ ایک سال بعد ٹرانسفر ہو سکیںگے اور موجودہ کالونی کے ترقیاتی کاموں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی بھی منظوری دی گئی۔ ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری نے کہا کہ لاہور پریس کلب کے 295 ممبران کو ایف بلاک کے پلاٹ مبارک ہوں اور ایف بلاک کے فرنٹ سے بھی جلد 16 مرلے جگہ وارگزار کرالی جائے گی ، انہوں نے بتایا کہ صحافی کالونی میں سہولیات فراہم کرنا وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے جبکہ وزیر اعلیٰ جلد صحافی کالونی میں ڈسپنسری کا سنگِ بنیاد رکھیں گے اور جرنلسٹ کالونی فیز ٹو کا قیام بھی وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت کی روشنی میں پایہ تکمیل تک پہنچے گا ۔

صدر پریس کلب محمد شہباز میاں نے کہا کہ ایف بلاک دے کر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صحافیوں کے دل جیت لئے ہیں، وہ حقیقی معنوں میں صحافی دوست وزیر اعلیٰ ہیں اور جرنلسٹ کالونی فیز ٹو کا آغاز اس بات کا عملی ثبوت ہے۔

متعلقہ عنوان :