ملک میں فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے کی سازشوں کا ہر سطح پر مقابلہ کریں گے۔ بیرونی قوتوں کی ایماء پر کراچی میں علماء،مجلس اور شاہ نورانی کے مزار پر حملے کئے گئے۔سعودی عرب اور پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیخلاف سازشیں تیارہوچکی ہیں۔ باہمی اتحاد سے ان سازشوں کوناکام بنائی گے،پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا اجلاس سے خطاب

پیر 14 نومبر 2016 22:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2016ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ملک میں فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے کی سازشوں کا ہر سطح پر مقابلہ کریں گے۔ بیرونی قوتوں کی ایماء پر کراچی میں علماء،مجلس اور شاہ نورانی کے مزار پر حملے کئے گئے۔سعودی عرب اور پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیخلاف سازشیں تیارہوچکی ہیں۔

باہمی اتحاد سے ان سازشوں کوناکام بنائی گے۔وہ پیر کو ’’بیداری مسلم مہم‘‘ کے سلسلہ میں اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس سے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہدمحمود قاسمی،مولانا عبد الحمید صابری،حافظ محمد امجد،مولانا نعمان حاشر، علامہ شبیر احمد عثمانی نے بھیخطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 19نومبر سے ملک بھر میں انتہاپسندی،دہشت گردی ،فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے ،مسلم امہ کی صورتحال اور ارض حرمین الشریفین کیخلاف ہونے والی سازشوں سے آگاہی کیلئے ’’بیداری مسلم مہم ‘‘کا آغاز کیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام سے کھیلنے والی قوتوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ9/11کے بعد اسلامی دنیا کے طاقتور ترین ممالک کو تباہ کیا گیا اور اب تمام اسلام اور مسلم دشمن قوتوں کاہدف سعودی عرب اور پاکستان ہیں۔انہوں نے کہا کہ دسمبر کے پہلے ہفتہ میں کراچی میں ’’وحدت امت کانفرنس‘‘ منعقد کی جائے گی اور 19نومبر سے 31دسمبر تک لاہور سے کراچی اور کراچی سے خیبر تک ’’بیداری مسلم مہم‘‘ چلائی جائے گی۔