لاہور ہائیکورٹ نے علی موسیٰ گیلانی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کاحکم دیدیا

پیر 14 نومبر 2016 19:16

لاہور۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کاحکم دیدیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے علی موسیٰ گیلانی کی درخواست پر سماعت کی ،جس میں درخواست گزار نے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا تھا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران علی موسیٰ گیلانی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل میں کہا کہ چار برس سے بغیر کسی جواز کے علی موسیٰ گیلانی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ وکیل نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ چار برس تک کسی شہری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہیں کیا جاسکتا، سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایاکہ ایفی ڈرین کیس میں علی موسیٰ گیلانی کا نام ای سی ایل میں شامل کیاتھا ،ابھی کیس کا فیصلہ نہیں ہوا، عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد علی موسیٰ گیلانی کانام ای سی ایل سے نکالنے کاحکم دیدیا۔