پاک چائنہ اقتصادی راہداری نہ صرف خطے میں دُنیا میں گیم چینجر ثابت ہوگی ‘رفیق رجوانہ

حکومت عوام کو نہ صرف بنیادی ضروریات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر قائم کرنے کے لئے تاجر برادری کے ساتھ فرینڈلی ماحول ناگزیر ہے، بلاشہ تاجر برادری ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہی ہے‘گورنر پنجاب

اتوار 13 نومبر 2016 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری نہ صرف خطے میں بلکہ دُنیا میں گیم چینجر ثابت ہوگی ا ورپاکستان کی معیشت دُنیا کی مضبوط ترین معیشتوں کی صف میں آکھڑی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وائس چیئر مین سید عاصم شاہ کی قیادت میں ملاقات کی۔

وفد میں ایس ایم نصیر، میاں رحمان عزیز چن، میاں عزیز الرحمان چن اور خواجہ خاوررشید کے علاوہ دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دُنیا کے ماہرین معاشیات اس بات کو تسلیم کر چکے ہیں کہ پاکستان حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے جس کا سہرا وزیر اعظم محمد نواز شریف اور اس کی ٹیم کی صلاحیتوں اور نیک نیتی کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے ہر دًور میں صرف اور صرف عوامی خدمت کو اپنا منشور بنائے رکھا ہے اور آج بھی ہماری حکومت ذاتی عناد سے بالا تر قومی مفاد کو سرِفہرست رکھے ہوئے ہے۔ گورنر نے کہا کہ حکومت عوام کو نہ صرف بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے بلکہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر قائم کرنے کے لئے تاجر برادری کے ساتھ فرینڈلی ماحول ناگزیر ہے، بلاشہ تاجر برادری ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کے مسائل سے آگاہ ہے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔بعد ازاں ،ئگورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کا پیغام انسانیت کا پیغام ہے اور تمام مذاہب سے مبرا ہے، اس کے پیغام کو جاری و ساری رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ عبدالستار ایدھی کے پوتے اور نواسے نے ان کی اس شمع کو تھامے رکھا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایک مقامی ہوٹل لاہور میں ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام ’’انسانیت سے بڑھ کر کوئی مذہب نہیں‘‘ کے عنوان سے عبدالستار ایدھی(مرحوم) کی انسانی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم ایوارڈ دینے کی تقریب میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارا مذہب مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں سب سے زیادہ زور حقوق العباد پر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے اپنے ساری زندگی انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کر رکھی تھی، ہمیں بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے، ان کے اس جذبے اور مشن کو مزید اجاگر کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو اللہ کی راہ میں خرچ کرتا ہے وہ کبھی غریب نہیں ہو سکتا۔ گورنر نے کہا کہ جو لوگ زندگی کی اس حقیقت کو جان لیتے ہیں وہ خدمت انسانیت کو اپنا شعار بنا لیتے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ معاشرے کے ان طبقات جو مختلف مشکلات ، تکالیف اور مصیبتوں سے دوچار ہیں ان کے دکھوں کے مداوا کے لئے خود بخود بڑھ چڑھ کر کام کرنا ہو گا جس سے ہمیں زندگی کا سکون ہی نہیں بلکہ آخرت میں بھی اجر ملے گا۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ہمارے ملک میں بہت سے ایسے فلاحی ادارے قائم ہیں جو انسانیت کی بھلائی اور خدمت کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے افراد کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرے گی۔

متعلقہ عنوان :