پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت پہلے پائلٹ ٹریڈ کارگو کی کامیاب ترسیل ایک بہت بڑی کامیابی ہے ،ْبرجیس طاہر

پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو اندرونی و بیرونی خطرات لاحق ہیں جن کو ہم سب نے مل کر ناکام بنانا ہے ،ْگفتگو

اتوار 13 نومبر 2016 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) وفاقی وزیر برائے امو رکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت پہلے پائلٹ ٹریڈ کارگو کی کامیاب ترسیل ایک بہت بڑی کامیابی ہے اتوار کو ضلع ننکانہ کی تحصیل شاہ کوٹ میںعوامی نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ پہلے کارگو قافلے کی بھرپور کامیابی پاکستان اور چین کے باہمی اشتراک کا منہ بولتا ثبوت ہے جس سے دونوں ممالک کی اس عظیم وشان منصوبے سے متعلق عزم کا بھی بھر پور اظہار ہوتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان اور چین نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ہر قیمت پر اس منصوبے کو مکمل کرکے اس خطے کے اربوں عوام کی زندگیوں میںخوشگوار تبدیلیاں لائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کیلئے برابر کی حیثیت رکھتا ہے جس سے دونوں ممالک مستفید ہونگے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت او رپاک فوج کی کوششوں کی وجہ سے پاک چین اقتصادی راہداری حقیقت کا روپ لے رہا ہے جس سے پورے خطے میں معاشی خوشحالی کا نیا سورج طلوع ہوگا ۔

انہوںنے کہا کہ اس گیم چینجر منصوبے کے تحت بلوچستان اور گلگت بلتستان پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا بیس کیمپ بننے جارہے ہیں ۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو اندرونی و بیرونی خطرات لاحق ہیں جن کو ہم سب نے مل کر ناکام بنانا ہے ۔ انہوں نے گذشتہ چند دنوں میں بلوچستان میں دہشت گردی کی نئی لہر اس کا ثبوت ہے کہ دشمن اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے سازشیں کررہا ہے ، جس دن تجارتی قافلہ کامیابی سے گوادر پہنچا اُسی دن حب میں شاہ نورانی کی درگاہ پر افسوس ناک و المناک خود کش دھماکہ دشمن کے مذموم مقاصد کی کھلی عکاسی کرتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت پورے ملک میں دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے تہیہ کئے ہوئے ہے اور اس میں اِسے 80فیصد کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ قبائلی علاقا جات کی طرح بلوچستان سے بھی دہشت گردوں کا چن چن کر صفایا کیا جائے گا اور ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :