فاطمہ جناح ہسپتال میں تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے، سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ

اتوار 13 نومبر 2016 20:20

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) فاطمہ جناح ہسپتال کو عصرحاضر سے ہم آہنگ سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ یہ بات سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ نے فاطمہ جناح ہسپتال کے دورے کے دوران کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل سیکریٹری عبدالرؤف بلوچ، چیف پلاننگ آفیسر صحت غلام رسول زہری ودیگر متعلقہ حکام بھی تھے۔

سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ کو فاطمہ جناح جنرل ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر تاج رئیسانی، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شیریں خان دویگر حکام نے ہسپتال میں آکسیجن بنانے والے پلانٹ ، آئی سی یو جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اورہسپتال کے انتظامی مسائل وہسپتال کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں سلیپ سڈی لیب بھی قائم کی گئی ہے جو بلوچستان کی واحد لیب ہے جہاں پر ہیوی ویٹ مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔

اس موقع پر سیکریٹری صحت نے انتظامی مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے ہدایات دیں کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ،صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ اور چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی خصوصی دلچسپی کی بناء پر فاطمہ جناح جنرل ہسپتال کو چیسٹ انفیکشن اینڈ ڈویلپمنٹ اسٹڈیز ایکٹ لانے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں پر امراض سینہ ودیگر وبائی امراض کی جدید طرز پر تشخیص سے لوگوں کو عصر حاضر سے ہم آہنگ صحت کی سہولیات میسر آسکیں گی۔

بعدازاں سیکریٹری صحت نے ہسپتال میں چیسٹ انفیکشن کے لئے اسپیشل کیئریونٹ کا معائنہ کیااور موجود طبی آلات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپیشل کیئر یونٹ کے قیام سے صوبے میں چیسٹ انفیکشن کی روک تھام میں کافی حد تک مدد مل سکے گی۔علاوہ ازیں ہسپتال میں موجود دیگر سہولیات اور ہسپتال کی مزید بہتری کے لئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جس میںآئسو لیشن وارڈ ،ایبولہ ودیگر وارڈز، آپریشن تھیٹر، فلورو اسکوپی،آکسیجن پلانٹ وہسپتال میں دیگر ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیا جبکہ اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ وہ کام کو جلد ازجلد پایہء تکمیل تک پہنچائیں کیونکہ ہسپتال کی مجموعی صورتحال پر اس کے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں جبکہ متعلقہ حکام نے کام کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

بعدازاں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت میں انقلابی تبدیلیوں کے حوالے سے ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں ہیلتھ الاؤنس کا اضافہ کردیا گیا ہے جس سے صحت کے شعبے کی مجموعی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جبکہ اس حوالے سے ڈاکٹرز بھرپور تعاون کریں۔