پانامہ لیکس ،عدالت میرٹ اور حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرے گی، نزہت صادق

مسلم لیگ(ن)2018ء کے الیکشن میں ایک بارپھر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی،سینیٹر

اتوار 13 نومبر 2016 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سینیٹر و چیف آرگنائزر شعبہ خواتین بیگم نزہت صادق نے کہاہے کہ پانامہ لیکس کیس میں وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف سرخروہونگے،عدالت میرٹ اور حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرے گی،پانامہ لیکس کا شور مچانے والے توخودآف شور کمپنی کے مالک ہیں،عدالت عظمیٰ سے وزیراعظم میاں اور ان کے خاندان کو مکمل انصاف ملے گا۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی قیادت گذشتہ ساڑھے تین سالوں سے ملکی تعمیر وترقی میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے اور متعدد منصوبہ جات بھی تاخیر کا شکار ہوئے، پاکستانی عوام نے دھرنا پارٹی کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے عوام نے دھرنا پارٹی کی کال کومسترد کرکے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پالیسیوں پراعتاد کا اظہارکیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں بیگم نزہت صادق نے مزید نے کہاکہ اقتصادی راہداری کو ناکا م بنانے کی سازشیں کی جارہی ہیں،پی ٹی آئی اب اقتصادی راہداری کیخلاف عدالت جارہی ہے،یہ حکومت کا نہیں ملک کا منصوبہ ہے اسے سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھاناچاہیے۔

مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ عوام عمران خان کے عزائم جان چکے ،پی ٹی آئی والے بتائیں وہ کس کاایجنڈا لے کر چل رہے ہیں،تحریک انصاف کا رویہ سب کے سامنے ہے،عوام نے ملک کے استحکام کیلئے وزیراعظم میاں نوازشریف کا ساتھ دینے کا تہیہ کرلیا ہے،عمران خان چیختے اور چلاتے رہیں گے لیکن ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء میں ایک بارپھر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :