عام شہری کیلئے ’’پارلیمنٹ، ایوان اقتدار، عدلیہ اور سیکوریٹی اداروں‘‘ سمیت کہیں انصاف نہیں : عذرا امجد

حکمرانوں اور اداروں کی بے حسی کے باعث قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے 4977 دن قید ناحق میں گذر گئے 86 روزہ ’’ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘میں شریک خواتین کا کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ

اتوار 13 نومبر 2016 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) حکمرانوں اور اداروں کی بے حسی کے باعث قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے 4977 دن قید ناحق میں گذر گئے۔ عافیہ موومنٹ نے ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے سندھ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کی ہوئی ہے۔ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی درخواست گذار کی حیثیت سے گذشتہ کئی سالوں سے عدالتوں کے چکرکاٹ رہی ہیں۔

عدالت کی جانب سے جاری کردہ نوٹس پر حکومتی حکام پیش نہیں ہوتے اور توہین عدالت کے مرتکب ہونے کے باوجود جواب نہیں دیا جاتاجس کی وجہ سے معزز عدالتیں نوٹس پر نوٹس جاری کرنے پر مجبور ہیں۔ ایک عام شہری کیلئے ’’پارلیمنٹ، ایوان اقتدار، عدلیہ اور سیکوریٹی اداروں‘‘ سمیت کہیں انصاف نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے معاملے پرحکمرانوں اور ریاستی اداروں کی بے حسی کے خلاف کراچی پریس کلب پر86 روزہ ’’ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘ کی شرکاء خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیمپ کی انچارج عذرا امجد نے کہا کہ وزیراعظم، گورنر اورچیف جسٹس کے بیٹے بازیاب ہوجائیں جبکہ قوم کی بیٹی امریکی جیل میں سڑتی رہے اور امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس بحفاظت اپنے وطن واپس چلاجائے توپاکستانی عوام اپنے حکمرانوں اور اداروں پر کس طرح اعتماد کریں۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران اپنے عوام کو بتائے کہ ہم اپنے جاسوس کوپاکستان کی جیل سے کانگریس کے ذریعے پاکستانی شہری سے جعلی طورپرامریکی شہری بنا کر نکال کر لے آئیں گے تو پارلیمنٹ، حکمران، عدلیہ ، آرمی چیف اپنے عوام کو بتائیں کیا بے گناہ پاکستانی شہری عافیہ کو وطن واپس لانے کا کوئی راستہ نہیںہے، کیا قوم کی بیٹیاں کراچی کی سڑکوں سے اغواء ہونے اور عدالتوں کے لاحاصل چکرکاٹ کاٹ کر خوار ہونے کیلئے ہیں ۔

احتجاجی خواتین نے مطالبہ کیا کہ حکمران اور ادارے بیٹیوں کی عزت کریںاور قوم کی غیرت ڈاکٹر عافیہ کووطن واپس لائیںجبکہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کے 57 ویں دن بھی ڈاکٹر عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے عافیہ موومنٹ کی رضاکاروں عذرا امجد،ساجدہ پروین، کلثوم نواز، بسمہ ہارون، ارم حنیف، مہرالنساء ، نوراسلم، نجمہ ابراہیم، فوزیہ ابراہیم، امیر بی بی، تسلیم غلام رسول، عابدہ پروین،عدنان بھٹی، امام حسین ہمدم و دیگرنے تلاوت کلام پاک، ذکرواذکار اور دعائوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

متعلقہ عنوان :