جماعت اہلسنّت اور سنی اتحاد کونسل کے مفتیان کرام نے اپنے اجتماعی فتویٰ میں خود کش حملوں کو حرا م قرار دے دیا

خود کش حملے خلاف اسلام اور حرام ہیں،در گاہ شاہ نورانی پر دھماکہ کرنے والے جہنمی ہیں‘فتویٰ

اتوار 13 نومبر 2016 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) جماعت اہلسنّت اور سنی اتحاد کونسل کے مفتیان کرام نے سانحہ درگاہ شاہ نورانی کے تناظر میں جاری کئے گئے اجتماعی شرعی اعلامیہ میں کہا ہے کہ خود کش حملے خلاف اسلام اور حرام ہیں۔ اسلام انسانی جان کی حرمت کا علمبردا ر اور قتل ناحق کا سب سے بڑا مخالف ہے۔ اسلام نے ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیا ہے۔

خود کش حملوں کے حرام ہونے پر پوری قوم متحد اور متفق ہے۔اسلام کے نام پر بے گناہوں کا خون بہانے والے اسلام کے باغی ہیں۔ شریعت اسلامیہ میں دہشتگردی کی ہر شکل کو فساد فی لارض قرار دیا ہے۔ درگاہ شاہ نورانی پر خودکش دھماکہ کرنے والوں نے اللہ کے عذاب کو دعوت دی ہے۔ شرعی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ معصوم انسانوں کا خون بہانا اسلامی تعلیمات اور شرعی اصولوں کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

اسلام بے گناہ انسانوں کے قتل سے منع کرتا ہے۔ فتوی میں اپیل کی گئی ہے کہ حکومت دنیا بھر کے مفتیان کرام اور اسلامی سکالرز کا اجلاس بلاکر خود کش حملوں کے خلاف اجتماعی فتویٰ جاری کروائے کیونکہ اسلام کے نام پر دہشتگردی کرنے والوں کا فکری توڑ ضروری ہو چکا ہے۔ اسلام امن و محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ خود کش حملے کرنے والے اسلامی تعلیمات سے روگردانی کررہے ہیں۔

اسلام کے نام پر ہونیوالی دہشتگردی سے مسلمان اور اسلام بد نام ہورہا ہے۔ جن مفتیان کرام اور علماء نے شرعی اعلامیہ جاری کیا ہے ان میں علامہ پیر سید مظہرسعید کاظمی، علامہ سید ریاض حسین شاہ ، علامہ محمد اکرم شاہ جمالی، علامہ سید شمس الدین بخاری، مفتی محمد اقبال چشتی، سید شاہ عبد الحق قادری، مفتی محمد فضل جمیل رضوی، علامہ محمد اکرم سعیدی، علامہ بشیر القادری، علامہ حافظ فاروق خان سعیدی، مفتی لیاقت علی، علامہ سید غلام یسین شاہ ، علامہ خلیل الرحمن چشتی، علامہ قاضی محمد یعقوب رضوی، علامہ سید خضر حسین شاہ سیالوی، علامہ محب النبی طاہر، علامہ رفیق احمد شاہ جمالی، علامہ رضوان یوسف، مولانا محمد حنیف چشتی، علامہ محمد اشرف چشتی، علامہ منظور عالم ، علامہ حامد سرفراز، علامہ فیض بخش رضوی، علامہ شیر محمد نقشبندی، علامہ نذیر احمد قادری اور دیگر شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :