حب دھماکے کے پیش نظر لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ

اتوار 13 نومبر 2016 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) کیپٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور محمد امین وینس نے حب میں شاہ نورانی کے مزار پر دھماکے کے پیش نظر شہر میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا ہے۔ سی سی پی او نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اپنی ڈویژن میں مزاروں اور ان سے ملحقہ پارکنگ پر سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنائیں اور زائرین کی مکمل جامع تلاشی کے بعد انہیں اندر داخل ہونے دیا جائے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی سخت کی جائے اور نفری کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ شہر میں کومبنگ آپریشن کیے جائیں تا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جا سکے۔سی سی پی او نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول پر کڑی نگاہ رکھیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی مشکوک شخص، لاوارث بیگ ، موٹر سائیکل یا کوئی اور لاوارث چیز دیکھیں تو اس کی فوری اطلاع پولیس یا انتظامیہ کو دیں تا کہ بردقت کاروائی کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :