حرمین شریفین کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں گیم،سعودی عرب امت مسلمہ کیلئے اجتماعیت کا مرکز ہے‘سردار محمد یوسف

عوام نے دھرنوں اور افراتفری کی سیاست کو مسترد کر دیا ،نواز شریف کی مدبرانہ قیادت کے باعث ملکی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن ہے امت مسلمہ کو اپنی صفوں میں اتحا پیدا کرنا چاہیے ،مسلم ممالک کے درمیان دوریوں سے دشمن فائدہ اٹھا رہا ہے ،دہشت گرد وں کو ملکی ترقی اور استحکام برداشت نہیں ہورہا‘ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 نومبر 2016 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے ہمارا روحانی تعلق ہے، سعودی عرب امت مسلمہ کیلئے اجتماعیت کا مرکز ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے اور کر رہے ہیں ،حرمین شریفین کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں گے ، حکومت فوج اور پاکستانی عوام سعودی سلامتی کو درپیش خطرات میں پہلے بھی ساتھ تھے آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے مرکز106 راوی روڈ کے دورے کے موقع پر ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔مرکز آمد پر قائم مقام امیر مولانا علی محمد ابوتراب نے انکا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر نے مرکز اہل حدیث کے دفاتر اور پیغام ٹی وی کا دورہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

سردار محمد یوسف نے کہا کہ حوثی باغیوں کی طرف سے مکہ مکرمہ پرمیزائل حملے کی جسارت مسلمانوں کے ایمان پر حملہ کے مترادف ہے۔

حکومت اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔کوئی مسلمان ایسی جسارت کا سوچ بھی نہیں سکتا۔حرمین شریفین کا دفاع ہماری ایمان کا تقاضا ہے۔ امت مسلمہ کو اپنی صفوں میں اتحا پیدا کرنا چاہیے۔مسلم ممالک کے درمیان دوریوں سے دشمن فائدہ اٹھا رہا ہے۔دہشت گرد وں کو ملکی ترقی اور استحکام برداشت نہیں ہورہا ۔ حب میں دہشت گردی کا واقعہ بزدلانہ ہے ،عوام کے تعاون سے دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔

ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مرکزی علماء مشائخ کونسل قائم کردی گئی ہے 29 نومبر کو اسلام آباد میں اسکا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے کونسل ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سنگ میل ثابت ہو گی۔۔اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ وزارت مذہبی امور ملک بھر میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہتی ہے، مذہبی وحدت قائم کرنے کے لیے نظام صلوة کے مقررہ اوقات یکساں کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

اس کا ہم نے اسلام آباد میں تجربہ کیا ہے اسے ملک گیر سطح پر لے کر چلیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس پر عدالت جو بھی فیصلہ ہو گا ۔حکومت اسے قبول کرے گی ۔وزیر مذہبی نے کہا کہ عوام نے دھرنوں اور افراتفری کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی مدبرانہ قیادت کے باعث ملکی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔

انہوںنے کہا کہ حکومت عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2017 کی تیاری کے حوالے سے تجاویز اور مشاورت کا سلسلہ شرو ع کر دیا ہے، اس حوالے سے حج گروپ آرگنائزرز اور نئی انرولڈ کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ابتدائی اجلاس ہو چکے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کو حج گروپ آرگنائزرز کی نمائندہ ایسوسی ایشن‘‘ہوپ ’’اور نئی انرولڈ کمپنیوں کی مختلف ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے حج کوٹہ، حجاج کو کم اخراجات میں زیادہ سہولیات کی فراہمی اور دیگر امور پر اپنا تفصیلی نقطہ نظر اور سفارشات پیش کی ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ سفارشات اور تجاویز اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ قائم مقام امیر مولانا علی محمد ابوتراب نے کہا کہ دفاع حرمین کے لیے حکومت اور فوج کو کھل کر سعودی عرب کی حمایت کرنی چاہیے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے سعودی عرب کے ساتھ جس جذبے کے ساتھ کھڑے ہو نے کا اعلان کیا ہے وہ قابل قدر ہے۔ ناظم ذیلی تنظیمات ڈاکٹر عبدالغفور راشد اور مولانا محمد نعیم بٹ نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر حاجی عبدالرزاق، حاجی نذیر انصاری،،مولانا عبدالباسط شیخوپوری، سید عتیق الرحمن شاہ،حافظ عبدالغفار، نجیب اللہ عامر،رانا نصرا للہ خاں، قاری عبدالمتین اصغر سمیت دیگر جماعتی عہدیداران موجود تھے۔