دہشت گردوں نے معصوم افراد کو نشانہ بنایا، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک لڑائی جاری رہے گی، سردار ثناء اللہ زہری

وزیراعلیٰ بلوچستان کا جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے 10 لاکھ، زخمیوں کے لئے 5 لاکھ روپے فی کس معاوضے کا اعلان

اتوار 13 نومبر 2016 19:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ لڑائی جاری رہے گی، دہشت گردوں نے معصوم افراد کو نشانہ بنایا۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو سول ہسپتال کراچی میں درگاہ شاہ نورانی کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

سردار ثناء اللہ زہری نے کہا کہ سانحہ درگاہ شاہ نورانی انتہائی افسوس ناک ہے، تحقیقات کے پیش نظر درگاہ کو زائرین کے لئے عارضی طور پر بند کیا گیا ہے، زائرین کے لئے سکیورٹی انتظامات مکمل ہونے پر درگاہ کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لئے 10 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لئے 5 لاکھ روپے فی کس کا اعلان کیا۔ انہوں نے زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے پر حکومت سندھ کا شکریہ ادا کیا۔