ڈپٹی چیرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کے حفاظتی دستے کا شہری پر مبینہ تشدد

سینیٹر عبدالغفور حیدری اپنی گاڑی میں بیٹھے سارے معاملے کو دیکھتے رہے، متاثرہ شہری کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 نومبر 2016 18:22

بالا کوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2016ء) ڈپٹی چیرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کے پروٹوکول اسکواڈ نے شہری پر مبینہ تشدد کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بالا کوٹ تھانے میں ایک شہری کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ ڈپٹی چیرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کے پروٹوکول اسکواڈ کی جانب سے انہیں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

شہری کی جانب سے کہا گیا کہ سینیٹر عبدالغفور حیدری کے سیکیورٹی اسکواڈ نے ان کی گاڑی کے شیشے بھی توڑے اور عبدالغفور حیدری گاڑی میں بیٹھے سارے معاملے کو دیکھتے رہے۔

(جاری ہے)

متاثرہ شہری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر عبدالغفور حیدری کے حفاظتی دستے نے شہریوں کے سامنے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، سیکیورٹی کے عملے نے مارتے وقت یہ بھی دیکھا کہ وہ کسی انسان کو ما رہے ہیں یا کہ جانور کو۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او نے واقعہ پر کارروائی نہ کی تو میں اعلیٰ حکام تک اپنی روداد پہنچاؤں گا۔ دوسری جانب پولیس اہلکاروں سے جب متاثرہ شہری کی درخواست پر کارروائی سے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او صاحب موجود نہیں ہیں، جب وہ آئیں گے تو کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :