عوام جھوٹی بنیادوں پر مسخ شدہ امن نہیں چاہتے : یمنی صدر

اتوار 13 نومبر 2016 18:22

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2016ء)یمن کے صدر عبد ربہ منصور ہادی نے کہا ہے کہ یمنی عوام مسخ شدہ اور جھوٹی بنیادوں پر امن نہیں چاہتے بلکہ وہ مستقل اور جامع امن کے خواہش مند ہیں جو بغاوت کے اختتام پر مبنی ہو۔ جیبوتی کے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے یمنی صدر نے ایک مرتبہ پھر باور کرایا کہ وہ یمن مین قیام امن کے سلسلے میں تین مرکزی بنیادوں یعنی خلیجی منصوبہ ، قومی مکالمے کی کانفرنس کے نتائج اور سلامتی کونسل کی قراردادوں بالخصوص قرارداد 2216 کو سختی سے تھامے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ان بنیادوں سے ہٹ کر کسی بھی طرح کے خیالات وقت ضایع کرنے کے سوا کچھ نہیں دوسری جانب آئینی حکومت نے تین کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد کی جانب سے پیش کردہ نقشہ راہ کا جائزہ لیں گی۔ یہ پیش رفت یمنی حکومت پر عالمی برادری کے شدید دباؤ کے بعد سامنے آئی ہے۔مذکورہ ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹیوں کی جانب سے اقوام متحدہ کے وڑن پر غور کرنے کا مطلب اس کے متن کو قبول کر لینا نہیں ہے۔ یہ کمیٹیاں نقشہ راہ کے تفصیلی جائزے کے بعد اپنی تجاویز یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی کو پیش کریں گی جو پہلے ہی اس نقشہ راہ کو مسترد کر چکے ہیں۔