سال گزرجانے کے باوجود ملک کو مخلص قیادت نہیں ملی، عوام مختلف مشکلات سے دوچار ہیں ،صوبائی وزیر محمد عاطف خان

اتوار 13 نومبر 2016 18:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2016ء)صوبائی وزیر تعلیم وبرقیات محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کررکھی ہیں بے پناہ وسائل کے باوجود ملک میں عوام حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے فاقوںپر مجبور ہیں۔صوبائی حکومت محکمہ مال،تعلیم،صحت اور پولیس میں بہتری لائی ہے اور تبدیلی کے آثار نمایاںہیں۔

وہ سوکئے کلی گدر،بالاگڑھی اور کوٹ دولت زئی میں عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ضلع کونسل کے رکن شیر بہادر خان،پی ٹی آئی کے رہنما جہانزیب افضل اور ویلج کونسل کے نائب ناظم ظاہر خان نے بھی خطا ب کیاجبکہ اس موقع پر اسفندیارخان،شاہد باچا،عبد الستار،تحصیل کونسلرآیاز صافی اور دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کے حامی سیاسی جماعتیں عمران خان کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوچکی ہیں لیکن عمران خان عوام کے تعاون سے ان کو سیاسی افق سے ہمیشہ کے لیے مٹا کر رہیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ترقیاتی فنڈز عوام کی فلاح وبہبود کی بجائے اپنے جیبیں بھرنے کے لیے خرچ کیے اور نیب کے ساتھ پلی بارگین میں کروڑوں روپے دینے والوں کو عوام بخوبی جانتے ہیں اور جس طرح 2013 کے الیکشن میں عوام نے انہیں مسترد کیا اسی طرح اگلے الیکشن میں ان کا انجام پہلے سے بھی برا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا حسن انتخابات ہیں لیکن بدقسمتی سے اس ملک میں سب سے زیادہ دھاندلی انتخابات میں کی جاتی ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے لیکن 68سال گزرجانے کے باوجود اس ملک کو مخلص قیادت نہیں ملی جس کی وجہ سے یہاں کے عوام مختلف مشکلات سے دوچار ہیں ۔محمد عاطف خان نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا ہے کہ پارٹی کو منظم کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور اچھے لوگوں کو پارٹی میں شامل کریں تاکہ تحریک بڑھتی جائے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ کوٹ دولت زئی میں ساڑھے چار کروڑ روپے کی لاگت سے سپورٹس سٹیڈیم پر کام شروع ہو چکا ہے جس کی تکمیل سے کھیلوں کا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

انہوں نے کوٹ دولت زئی ،بالاگڑھی اور گدر سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ علاقے میں نکاسی آب ،سولرسٹریٹ لائٹس کی تنصیب،انتظار گاہ اورپبلک ٹائلٹس کی تعمیراور واٹر کولر فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔