سکاٹش سپیکر کین مپکناٹش اور سپیکر اسد قیصر کی ملاقات

دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

اتوار 13 نومبر 2016 18:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2016ء)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے سکاٹ لینڈ کے دورے کے موقع پر خیبر پختونخوا اسمبلی کے وفد کے ہمراہ سکاٹ لینڈ پارلیمنٹ کا دورہ کیا ۔ سکاٹش سپیکر کین مپکناٹش نے سپیکر اسد قیصر او ران کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا ۔ سیکرٹری ٹو سپیکر عطاء الله خان اور سپیشل سیکرٹری سید وقار علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سپیکر اسد قیصر نے سکاٹش ہم منصب کو اپنے دورے کے مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا اور سکاٹ لینڈ کی جانب سے اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تعاون فراہم کرنے پر ان کا بھر پور شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

سکاٹش سپیکر نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین او رعملے کی استعداد کار اور کارکردگی میں اضافے کے مواقع فراہم کرنے او رای گورنز سے متعلق اقدامات کی بھر پور تعریف کی ۔

کین مپکناٹش نے گزشتہ تین سالوں کے دوران خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے پارلیمانی ا مور کی بہتر انجام دہی اور عوامی مفاد میں کی جانے والی متاثر کن قانون سازی کو بھی بھر پورسراہا ۔ ملاقات کے دوران دونوں پارلیمنٹ کے مابین مستقبل میں باہمی تعلقات کے فروغ اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور بہتر قانون سازی کو فروغ دینے کے لئے معاہدہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے ایگزیکٹیو کمیٹی کو ڈرافٹ منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا اور آئندہ چند ماہ میں ایم او یو پر باقاعدہ دستخط کئے جائیں گے ۔