والدین اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے میں کوتاہی نہ برتیں ، طبی ماہرین

پاکستان میںپانچ سال تک کی عمر کے بچوں کی نمونیہ کی وجہ سے اموات سب سے زیادہ ہیں

اتوار 13 نومبر 2016 18:00

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء)پاکستان پیڈیاٹرکس ایسوسی ایشن کی23 ویں کانفرنس میں شریک پاکستانی اور غیر ملکی بچوںکے امراض کے ماہر معالجین نے زوردیاہے کہ بچوں کی صحت اوربیماریوں سے تحفظ کے لئے جدید طریقہ علاج عام کرکے شہروں اور دیہی علاقوںمیں طبی سہولیات میںاضافہ کیا جائے تاکہ بروقت علاج سے بچوںکی شرح اموات میں کمی لائی جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ والدین بچوں کی صحت کے لئے حفاظتی ٹیکے لگوانے سے غافل نہ ہوں، پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کی نمونیہ کی وجہ سے شرح اموات سب سے زیادہ ہیں ،نمونیہ سے بچاو کی ویکسینین پاکستان کے ای پی آئی پروگرام میں شامل ہے والدین اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں۔ پروفیسر سردر اوزترک ،بریگیڈیئر منیر احمد لودھی، ڈاکٹر یاور نجم ، ڈاکٹر غزالہ ممتاز ، پروفیسر منیر ملک ، بریگیڈیئر نذیر احمد ، کرنل گل حسین، ڈاکٹر صغری وحید، پروفیسر مشتاق اے خان، جنرل سی ایم انور ں پروفیسر طاہر مسعود ، پروفیسر سلمہ شیخ، مسز جینی فر گرے، پروفیسر جویریہ میمن، پروفیسر بشیر ابرو،ڈاکٹر مسرت حسین، پروفیسر عائشہ اشرف ، ڈاکٹر جے کرشن، ڈاکٹر فوزیہ ظفر ،پروفیسر مطلوب اعظم ، پروفیسر لیاقت علی خان، ڈاکٹر طاہر عزیز، پروفیسر انکسار علی، پروفیسر امیر محمد خان جوگیزئی، پروفیسر حسن میمن ، میجر جنرل شاہدہ بادشاہ نے کانفرنس کے تیسرے روز مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جنرل میڈیکل پریکٹیشنرز و ہسپتالوں میں خدمات سر انجام دینے والے نوجوان ڈاکٹروں کے لئے ضروری ہے کہ وہ بچوں کی بیماریوں کی علامات کے مطابق موزوں علاج پر توجہ دیں اور ہیلتھ ایجوکیشن عام کریں تاکہ والدین بچوں کی صحت کی بنیادی زمہ داریوں سے غفلت نہ برت سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عدم توجہی اور بروقت علاج نہ ہونے سے بچے مختلف ایسی بیماریوں کا شکار ہو تے جن سے محض احتیاط تدابیر اختیار کرکے بچاو ممکن ہے۔ صدر پاکستان پیڈیارٹکس سوسائٹی پروفیسر طاہر مسعود نے اس موقع پر کہاکہ ایسوسی ایشن کی طرف سے ملک بھر میں ڈاکٹرز کوجدید میڈیکل ریسرچ سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ورکشاپس اور سمینارز منعقد کئے جا رہے ہیں۔کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رائے محمد اصغر نے کہا کہ کانفرنس کے سائٹیفک سیشنز میں مندوبین کی خصوصی دلچسپی سے بچوں کی امراض کے علاج کے طریقوں پر سیر حاصل غور خوص کیاگیا اور شرکاء نے اپنے تجربات کی روشنی میں ریسرچ پیپر پیش کئے ۔