سید علی گیلانی کی سربراہی میں مشترکہ مزاحمت خوش آئند قدم ہے، یوسف نقاش

اتوار 13 نومبر 2016 17:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اور اسلامک پولیٹکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے سید علی گیلانی کی سربراہی میں مشترکہ مزاحمت کو خوش آئندقدم قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ قدم ہماری جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے لازمی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یوسف نقاش نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم سب سید علی گیلانی کی سربراہی میںمتحدہ مزاحمتی قیادت کا بھر پور ساتھ دیتے ہوئے تحریک ِ آزادی کو آگے بڑھائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے جذبہ آزادی سے سرشار ریاست کی سیاسی،سماجی، مذہبی اور تجارتی تنظیموں، ملازمین یونینز اور سول سوسائٹی گروپوں سمیتہر مکتبہ فکر سے وابستہ لوگوں پر زوردیا کہ وہ متحدہ مزاحمتی قیادت کا بھر پور ساتھ دیں اوران کے احتجاجی پروگراموں پر من و عن عمل کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی ریشہ دوانیوں اور انتشار پیدا کرنے کی سازشوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہدا کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک لے جانے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی اور ظالموں اور جابروں کی سازشوں کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ mhn/msb 1731

متعلقہ عنوان :