نواز لیگ نے مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ کیا ،عوام کی خدمت عہدوں کی محتاج نہیں ‘عبدالعلیم خان

این ای122کے مختلف علاقوں میں فری ڈسپنسریوں کا قیام ، جلد یوسی120میں افتتاح ہو گا ‘ صدر پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب

اتوار 13 نومبر 2016 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اربوں روپے کا بجٹ رکھنے والی پنجاب حکومت نے عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ کیا اور لاہور جیسے بڑے شہر کے باسی پینے کے صاف پانی سے لے کر تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتوں کو ترس رہے ہیں ،عوام کی خدمت عہدوں کی محتاج نہیں ہوتی لیکن این ای122سے گذشتہ 8برسوں سے نمائندگی کرنے والے ایاز صادق اور اُن کی ٹیم کی مایو س کن کارکردگی کے باعث آج عوام ان کے سامنے احتجاج کرنے اور انہیں آئینہ دکھانے پر مجبور ہیں ۔

این ای122کے مختلف علاقوں انجن شیڈ،سنگ پورہ ،میلادچوک ،ریلوے کالونی اور گڑھی شاہو میں خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے بعد وہ اس علاقے کے لوگوں سے کیا ہوا فری ڈسپنسریوں کے قیام کا وعدہ بھی پورا کرنے جا رہے ہیں اور انشاء اللہ جلد این ای122کی یونین کونسل 120میں فری ڈسپنسری کام شروع کر دے گی جبکہ یوسی 118اور 123میں ڈسپنسریوں کے قیام پر کام تیزی سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ پی پی147اور 148میں مرحلہ وار فلاحی کاموں کو مکمل کیا جائے گا جن سے عوام کسی سیاسی تفریق کے بغیر مستفید ہو سکیں گے عبدالعلیم خان نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ کسی تاخیر کے بغیر میاں میرہسپتال اور جمیلہ آباد سیوریج منصوبے فنکشنل کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا کہ حکومت کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے کہ وہ کروڑوں روپے کا بجٹ کرپشن کی نظر کر رہی ہے جبکہ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی طرف سے این ای122اور پی پی147میں فلاحی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ عبدالعلیم خان اپنی جیب سے لوگوں کی بلا امتیاز خدمت کر رہے ہیں جبکہ یہاں سے گذشتہ8برسوں سے ممبر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو سخت عوامی رد عمل کا سامنا ہے اور لوگ ان کی خراب تر کارکردگی کے باعث احتجاج پر مجبور ہیں پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے یوسی 120میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی فری ڈسپنسری کے قیام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق لے کر دینے سے لے کر غریب آدمی کے ہر دکھ سکھ میں شامل ہو کر عبدالعلیم خان نے ثابت کیا ہے کہ وہ صحیح معنوں میں عوامی لیڈر ہیں اسی لیے عوام نی11اکتوبر2015کے ضمنی الیکشن میں ان کا بھرپور ساتھ دیا اس موقع پر علاقہ مکینوں نے فری ڈسپنسری کے قیام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا والہانہ استقبال کیا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص اور زبردست نعرے بازی کرتے رہے ۔

متعلقہ عنوان :