پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے ‘ ملک محمد رفیق رجوانہ

ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور کی زمین کے حصول کیلئے پوری کوشش کروں گا مگر اس راہ میں جو بھی قانونی تقاضے ہیں ان پر عمل درآمد بھی یقینی بنانا ہو گا،قانون کے مطابق اس پر عمل کیا جائیگا‘ گورنر پنجاب کا ایف پی سی سی آئی کی سالانہ ڈائری کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 13 نومبر 2016 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے ،ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور کی زمین کے حصول کے لئے پوری کوشش کروں گا مگر اس راہ میں جو بھی قانونی تقاضے ہیں ان پر عمل درآمد بھی یقینی بنانا ہو گااور قانون کے مطابق اس پر عمل کیا جائیگا، پاکستان کی معیشت کا انحصار کاروباری برادری پر ہے اس لئے یہ میرا فرض بنتا ہے کہ میں آپ کی ہر ممکن مدد کروں۔

گورنر ہاؤس کے دروازے آپ لوگوں کے لئے ہمیشہ کھولے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی )کی سالانہ ڈائری-17 2016ء کی گورنرہاؤس میںافتتاحی تقریب میں ایف پی سی سی آئی ریجنل چیئرمین میاں رحمان عزیز کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ فیڈریشن کے آفس کی زمین کے حصول کے لئے ہر ممکن کوشش کروں گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ یوبی جی گروپ کی قیادت اور نائب صدور خصوصی طور پر میاں رحمان عزیز اور سید محمد عاصم نے کاروباری برادری کے مسائل کو اجاگر کرنے اور حل کروانے میں موثر کردار ادا کیا ہے ۔امید کرتا ہوںکہ آئندہ بھی آپ کا گروپ ہی کامیاب ہو گا۔ایف پی سی سی آئی ریجنل چیئرمین میاں رحمان عزیز نے کہاکہ ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور نے کاروباری برادری کے تمام مسائل کو حل کروانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

سٹیل ملیٹر اور فرنس ملیں بند کی گئی جن کو کھولنے میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ذاتی دلچسپی لی جس پر ہم ان کے بے حد مشکور ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس کرایہ کی بلڈنگ میں ہے۔ہماری درخواست ہیں کہ حکومت ہمیں لاہور کے کسی بھی حصہ میں ایک ایکٹر رقبہ دیں جس پر ہم ایف پی سی سی آئی پنجاب ریجن کی بلڈنگ تعمیر کر سکیں،ایف پی سی سی آئی نیشنل چیمبر ہے اس پر ذمہ داری بھی زیادہ عائد ہوتی ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر سید محمد عاصم نے کہاکہ ہم گورنر پنجاب کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے ہمیشہ کاروباری برادری کے مسائل کروانے میں ہرممکن تعاون کیا۔ہمیں امید ہے کہ2018 تک لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے روز گاری ملک کا بہت بڑا مسئلہ ہے تمام شہروں میں انڈسٹریل اسٹیٹ اور یونیورسٹیاں ہونی چاہئیں۔ امیر اور غریب کی تعلیم میں بہت فرق ہے جسے ختم ہونا چاہئے۔

ملک کی ترقی کے لئے تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کو یقینی بنانا ہوگا۔ایف پی سی سی آئی کے سابق ریجنل چیئرمین ایس ایم نصیر نے کہا آج د نیا کی خوبصورتی صنعت و تجارت کی بہتری میں ہی ہے۔ پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا اکنامک گڑھ بن چکا ہے پنجاب کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے۔ پسماندہ علاقوں کے ممبران کوبھی اپنے کام کے لیے لاہور میں آنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے نئے ریجنل آفس کے لئے زمین مہیا کی جائے تاکہ فیڈریشن زیادہ بہتر طریقے سے کام کر سکے، جہاں پنجاب بھر کے ممبران کے لئے گیسٹ ہاؤس ، ریسرچ سنٹراور بورڈ روم اور تمام جدید سہولتوں سے لیس ایف پی سی سی آئی کا آفس بنانا چاہتے ہیں۔