ْپاکستان بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کو جارہانہ انداز میں نہی اُٹھا سکا ،ْبیرسٹر سلطان

انڈین فوج مقبوضہ کشمیر کے اندر حالیہ تحریک کو کچلنے کے لیے تمام تر حربے استعما ل کر رہی ہے ،ْ وفود سے گفتگو

اتوار 13 نومبر 2016 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی موجودہ خارجہ پالیسی اور کشمیر پارلیسی بُری طرح سے ناکام ہو چکی ہے۔پاکستان بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کو جارہانہ انداز میں نہی اُٹھا سکا ۔بھارت مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم و بربریت کے علاوہ مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

جس کے خلاف حکومت پاکستان کو عالمی سطح پر مضبوط بنیادوں پر آواز واُٹھانی چاہیے تھی۔صرف انڈین ہائی کمشنر کی دفتر طلبی کافی نہیں ہوتی۔امریکہ کے بعد جاپان نے بھی انڈیا سے سول نیوکلیئر معاہدہ کر لیا ہے۔میں نے اپنے وسائل پر مختلف فورمز پر کشمیر کاز کو اُجاگر کر کے بین الاقوامی برادری کی توجہ کشمیر کاز کی طرف مبذول کروائی ہے اور دُنیا کو بھارت کے اصلی اور مکرو چہرے بارے آگاہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت مقبوضہ کشمیر کے اندر احتجاجی تحریک پانچویں ماہ میں داخل ہو چکی ہے۔انڈین فوج مقبوضہ کشمیر کے اندر حالیہ تحریک کو کچلنے کے لیے تمام تر حربے استعما ل کر رہی ہے۔اب وہاں پر سکولوں کو آگ لگائی جا رہی ہے۔تا کہ نئی نسل تعلیم حاصل نہ کر سکے۔بھارتی مظالم پر بین الاقوامی دُنیا خاموش تماشائی بن کر بیٹھی ہے۔حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی اگر مضبوط بنیادوں پر قائم ہوتی تو کشمیر کی حالیہ تحریک کے تناظر میں پاکستان دُنیا بھر میں بھارت کو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر بے نقاب کر سکتا تھا۔

افسوس حکومت پاکستان نے ایسا موقعہ خود کھو دیا۔ان خیالات کا اظہار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے میرپور میں مختلف عوامی وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر تحریک انصاف کے مرکزی راہنما چوہدری محمد ایوب ،چوہدری محمد منشا،حاجی جاوید اکرم،میڈیا ایڈوائزر نصیر احمد چوہدری ایڈووکیٹ ،عباس رضا ،تیمور خالد ،چوہدری عبدالخالق ،مرزا بشارت،عنصر صارم،حاجی رمضان،چوہدری محمود اور دیگر بھی موجود تھے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر حالیہ تحریک نتیجہ خیز ثابت ہو گی۔بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کے اندر حالات کو قابو کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر پاک فوج کی طرف سے بھرپور کاروائی کے بعد اس محاز پر بھی بھارت کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔حالات جس طرف جا رہے ہیں۔اُس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بھارت ظلم و بربریت کی بنیاد پر اب کشمیریوں کو زیادہ دیر غلام نہیں رکھ سکتا۔آزادی کا سورج جلد کشمیر کی فضاوں پر طلوع پذیر ہونے والا ہے۔

متعلقہ عنوان :