ٹرمپ کی کامیابی سے مغربی یورپ میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی، فیڈریکا موگرینی کی جانب سے برطانیہ اور فرانس کے وزرائے خارجہ کو ظہرانے پر ملاقات کی دعوت

اتوار 13 نومبر 2016 12:20

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) امریکہ میں حالیہ صدارتی انتخابات کے حیران کن نتائج نے جہاں ایک طرف امریکی شہریوں کو مظاہروں پر مجبور کیا ہے وہاں دوسری طرف امریکہ کے اہم اتحادی سمجھے جانے والے ممالک میں بھی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد مغربی یورپ کے ممالک جو امریکہ کے اتحادی سمجھے جا رہے ہیں، میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ کی کامیابی کے بعد یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے برطانیہ اور فرانس کے وزرائے خارجہ کو اتوار کو ظہرانے پر ملاقات کی دعوت دی تھی ۔ اس ملاقات کا بنیادی مقصد امریکہ کے صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔ تاہم ذرائع نے بتایا کہ یہ ملاقات اب موخر کردی گئی ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے گزشتہ روز میڈیا کو بتایا کہ امریکہ میں ایک جمہوری اقدام ہوا ہے۔ اس وقت وہاں عبوری دور چل رہا ہے۔ برطانیہ موجودہ اور مستقبل کی انتظامیہ کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔