بان کی مون کی بلوچستان میں صوفی بزرگ شاہ نورانی کے مزار پر خود کش حملے کی شدید مذمت

اتوار 13 نومبر 2016 12:20

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بلوچستان میں صوفی بزرگ شاہ نورانی کے مزار پر خود کش حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ اتوار کو جاری بیان میں عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل نے دہشتگردی کے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے اس واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

بان کی مون نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اقوام متحدہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی کوششوں میں تعاون جاری رکھے گی۔ بان کی مون نے اس حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی اور ان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔