پیپلز پارٹی نے امیدواروں کی خرید و فروخت کا بازار گرم کیا ہوا ہے ‘پارلیمنٹ میں ن لیگ کی تین چوتھائی اکثریت ہونے کے باوجود انتخابی اصلاحات پر کوئی بھی عملی کام نہیں کیا‘کیونکہ انتخابات کا یہ فرسودہ نظام سے ہی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو فائدہ ہے

تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 12 نومبر 2016 21:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ 2013کے عام انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے انکوائری کمیشن2015 میں جن خامیوں کی نشاندہی کی تھی، لیکن اس حوالے سے انتخابی اصلاحات میں وفاقی حکومت ناکام رہی۔ پارلیمنٹ میں ن لیگ کی تین چوتھائی اکثریت ہونے کے باوجود انتخابی اصلاحات پر کوئی بھی عملی کام نہیں کیا،کیونکہ انتخابات کا یہ فرسودہ نظام سے ہی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو فائدہ ہے،وہ ہفتہ کو پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں حلقہ قومی اسمبلی NA258کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں وفاقی حکومت سے انتخابی اصلاحات کی کوئی امید نہیں اور ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی نے بھی امیدواروں کی خرید و فروخت کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ن لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے سے پہلے کوئی وضاحت نہیں کی کہ وہ کس وجہ سے رکن قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ پہلے عوا م اور خصوصاً اپنے حلقے کے لوگوں کو حقائق سے آگاہ کرتے۔ پیپلز پارٹی نے ضمنی انتخاب شروع ہوتے ہی حلقے میں بے تحاشہ ترقیاتی کام اور اربوں روپے کے فنڈ کا اجرائ کر کے انتخابی قوائد و ضوابط کی دھجیاں بکھیردی ہیں۔

اس لئے پاکستان تحریک انصاف حلقہ قومی اسمبلی NA258کے ضمنی انتخاب میں اپنے امیدوار محمد حنیف بنگش کو احتجاجاً دست بردار کروا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی صرف بار بار انتخابات کروانے میں نہیں، بلکہ صاف اور شفاف انتخابات سے ہی ممکن ہے، انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ انتخابی اصلاحات کے بل کو جلد از جلد پارلیمنٹ سے منظور کر وا کر اگلے عام انتخابات کو صاف اور شفاف کرایا جائے ،تاکہ عوام کا الیکشن کمیشن پر اعتماد بحال ہو سکے۔