موجودہ حکومت کی موثر پالیسیوں کی بدولت دہشت گردی میں نمایاں کمی ہوئی ہے،طلال چوہدری

ہفتہ 12 نومبر 2016 21:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی بدولت ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے، ہفتے کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہی ملکی اندرونی سیکیورٹی پالیسی کو متعارف کرایا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ ابھی جاری ہے، ہمارے دشمن سی پیک منصوبے کی وجہ سے بلوچستان کو زیادہ نشانہ بنا رہے ہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ یہ منصوبہ مکمل ہو اس لیے وہ اسے ثبوتاز کرنا چاہتے ہیں، بلوچستان میں دہشت گردی کے تانے بانے ہمارے ہمسایہ ممالک سے بھی ملتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی موجودہ وفاقی حکومت بلوچستان سمیت تمام صوبوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہے جبکہ بلوچستان کے استحکام کے لیے خصوصی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں تاکہ یہاں کے لوگوں کو روزگار سمیت بہتر معیار زندگی بھی فراہم کیا جا سکے، یہی وجہ ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا زیادہ تر حصہ بلوچستان ہی سے گذرتا ہے جس سے اس صوبے کے لوگوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ ایک ایسا فورم ہے جہاں بیٹھ کر تمام مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے لیکن پی ٹی آئی نے اپنے مسئل کبھی بھی پارلیمنٹ میں نہیں لائے بلکہ ہمیشہ اپنے مسائل کے حل کے لیے احتجاج اور دھرنوں کی سیاست پر زور دیا جو ان کی سیاسی ناپختگی کو واضح کرتاہے، پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ پارلیمنٹ میں آئے اور اپنے مسائل کے حل کے لیے بات کرے جو ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔

متعلقہ عنوان :