زرعی شعبے میں وزیر اعلی پنجاب کی ترجیحات واضح ہیں ،مقررہ اہداف کے سو فیصد حصول میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ،کیپٹن(ر)محمدمحمود

کار کارکردگی نہ دکھانے والے افسران کا کڑااحتساب ہوگا،سیکرٹری زراعت پنجاب

ہفتہ 12 نومبر 2016 20:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2016ء) سیکرٹری زراعت پنجاب کیپٹن(ر)محمدمحمود نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی ترجیحات واضح ہیں ۔اس سلسلے میں مقررہ اہداف کے سو فیصد حصول میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور کارکردگی نہ دکھانے والے افسران کا کڑااحتساب ہوگا۔ جعلی وغیر معیاری زرعی ادویات وفرٹیلائزرز کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب چھاپوں اور قانونی کارروائی کے ذریعے ملزمان کو کیفرکرار تک پہنچایا جائے آن لائن کے مطابق انہوں نے یہ بات ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے آڈیٹوریم میں صوبائی ایگری کلچر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈائریکٹرزجنرل زراعت توسیع ڈاکٹرمحمدانجم علی،ڈائریکٹرزجنرل واٹرمینجمنٹ ملک محمداکرمڈائریکٹرزجنرل فیلڈ ڈاکٹرقربان احمدبھی کانفرنس میں موجود تھے جبکہ صوبہ بھر کے ای ڈی اوز،زراعت،ڈی اوز زراعت،ڈی اوز واٹرمینجمنٹ،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز پیسٹ وارننگ،اسسٹنٹ ایگری کلچرل انجینئرنگ اور سول فرٹیلٹی کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت نے کہا کہ حکومت پنجاب زراعت کے شعبوں سے متعلقہ افسران اورفیلڈ سٹاف کو مختلف مراعات فراہم کررہی ہے لہذا زراعت افسران پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ کسانوں کو بہترین سروسز فراہم کرنے میں کوئی کسراٹھا نہ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایگری کلچر پالیسی بنائی جارہی ہے جو مستقبل کی پالیسیوں کاتعین کرے گا جبکہ پنجاب ایگری کلچر کمشن بھی کام کررہا ہے ۔انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران سے کہا کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور ان کی تمام ترتوجہ چھوٹے کسانوں کی ترقی وفلاح پر ہی مرکوز ہونی چاہیے۔

سیکرٹری زراعت نے کہا کہ کاشتکاروں کو زرعی پالیسیوں میں فوائد کے لئے کسان کارڈ کااجراء کیا جارہا ہے ۔اس سلسلے میں فیلڈ سٹاف کی طرف سے کسانوں کا تمام تر ڈیٹا حقیقت پرمبنی ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی طرف سے زرعی پالیسیوں پر موثر عملدرآمد اوربہترین محکمانہ کارکردگی کے حامل افسران کے لئے اضافی تنخواہوں کے انعامات اوردیگر پرکشش مراعات دی جائیں گی تاہم سرکاری امور میں کاغذی کارروائی اورجھوٹ پر مبنی رپورٹس کی تیاری پر سخت محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے تاریخی کسان پیکج پر بھرپورانداز میں عملدرآمد کے لئے وسیع بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ اس کے ثمرات ہر کسان تک پہنچا کرزرعی شعبے کے استحکام کویقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کسان پیکج کے تحت کسانوں کو مختلف مراعات کاذکر کیا اورکہاکہ زرعی شعبہ کو درپیش چیلنجز کے ازالہ کے لئے جامع حکمت عملی پر کام کیا جارہا ہے ۔

سیکرٹری نے صوبہ بھر سے آئے ہوئے زراعت افسران کے بعض مسائل بھی سنے اور تجاویز کاخیر مقدم کرتے ہوئے محکمانہ اقدامات میں بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے زرعی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پرمنتظمین ای ڈی اوزراعت چوہدری عبدالحمید اوردیگر افسران کی کاوشوں کوسراہا۔ایگری کلچر کانفرنس کے دوران ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹرمحمدانجم علی،ڈائریکٹر جنرل واٹرمینجمنٹ ملک محمداکرم،ڈائریکٹر جنرل فیلڈ ڈاکٹرقربان احمد،ڈائریکٹرجنرل پیسٹ وارننگ خالد محمود نے اپنے محکموں کی بریفنگ دیتے ہوئے زرعی شعبے کے ٹارگٹس اوراب تک کی پیشرفت سے تفصیلی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :