پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن ضلع صحبت پور کے ملازمین کا اپنے سترہ نکاتی مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاجی ریلی ومظاہرہ

ہفتہ 12 نومبر 2016 19:17

صحبت پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2016ء) پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن ضلع صحبت پور کے ملازمین کا اپنے سترہ (17) نکاتی مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاجی ریلی ومظاہرہ۔پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن ضلع صحبت پور کے صدر عبدالمجید مینگل ، و صوبائی چیئرمین منصب علی سومروکی قیادت میں ضلع بھر کے پیرامیڈیکل اسٹاف نے سینکڑوں کی تعداد میں بنیادی مرکز صحت صحبت پور سے احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی چیئرمین منصب علی سومرو، صحبت پور کے ضلعی صدرعبدالمجید مینگل،جنرل سیکرٹری دریا خان کھوسہ و دیگر نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے رسک الائونس، سروس اسٹریکچر، سمیت دیگر سترہ نکاتی مطالبات فوری طور پر تسلیم کرکے ان کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 14مئی 2014کو صوبائی وزیر رحمت صالح بلوچ نے پیرامیدیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے مطالبات تسلیم کیئے اور اخبارات میں خبریں بھی نشرہوئیں مگر افسوس کی بات ہے کے دوسال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود ہمارے مطالبات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت بلوچستان ، وزیراعلیٰ بلوچستان ، چیف سیکرٹری بلوچستان ، صوبائی وزیرصحت ، سیکرٹری صحت سے مطالبہ کرتے ہیں ۔کہ ہمارے مطالبات فوری طور پر تسلیم کیئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیئے گئے تو ہم دسمبر کے پہلے ہفتے میں لانگ مارچ کرینگے۔