معیاری تعلیم کی ہی بدولت معاشرے میں مثبت تبدیلی ممکن ہے، گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا

ہفتہ 12 نومبر 2016 18:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑانے کہاہے کہ معیاری تعلیم کی ہی بدولت معاشرے میں مثبت تبدیلی ممکن ہے۔ صلاحیتوں کے اعتبارسے ہمارے نوجوان کسی سے کم نہیں بلکہ انہوں نے پوری دنیامیں پاکستان کا نام روشن کیاہے اور اپنے جوہر دکھائے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو کیڈٹ کالج بٹراسی میں یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی صالح محمد، میاں ضیاء الرحمان اورسردار ظہور ،ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ اقبال حسین، کیڈٹس کے والدین کے علاوہ سول و فوجی حکام اورمعززین علاقہ بھی شریک تھے۔اس موقع پر کیڈٹس نے پی ٹی شو، جمناسٹک، مارچ پاسٹ اوردیگر مختلف کرتب کا مظاہرہ کیا اور بھرپور داد حاصل کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف کیٹیگریز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں شیلڈزبھی تقسیم کئے گئے۔

گورنرنے کالج کے لئے 10 لاکھ روپے اور کیڈٹس کوگھڑسواری کی تربیت دینے والوں کیلئے 50 ہزار روپے کا اعلان بھی کیا۔ گورنرنے سکاؤٹس کیڈٹ کالج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ یقینا یہ اعزازکی بات ہے کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد نے انہیں موجودہ تعلیمی اداروں میں بہترین قراردیاہے۔ کیڈٹس سے مخاطب ہوتے ہوئے گورنرنے کہاکہ طلباء ملک کا سرمایہ ہیں اوراب یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ والدین اوراس قوم کی امیدوں پرپورا اتریں۔

انہوں نے کہاکہ تعلیم میں سرمایہ کاری کسی بھی فرد یامعاشرے کیلئے بہترین انتخاب ہے۔ انہوں نے کہاکہ طلباء نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر بھرپورتوجہ دیں۔ گورنرنے مزید کہاکہ حکومت معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے قبائلی علاقہ جات اورملک کے دیگر علاقوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے مساوی اقدامات اٹھارہی ہے۔گورنرنے کالج میں یادگار شہداء پرپھولوں کی چادربھی چڑھائی۔

متعلقہ عنوان :