ٹرمپ کے ہاتھوں ہیلری کی شکست پر غم سے نڈھال خاتون کو اچانک بڑ ی خوشی مل گئی

ہفتہ 12 نومبر 2016 18:51

ٹرمپ کے ہاتھوں ہیلری کی شکست پر غم سے نڈھال خاتون کو اچانک بڑ ی خوشی ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھوں ہیلری کلنٹن کی شکست پر غم سے نڈھال خاتون کو اچانک ایسی خوشی مل گئی جس نے اسکے سارے غم دور کردیئے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی خاتون جو ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن کی حامی اور بہت بڑی مداح تھیں لیکن جب انھوں نے دیکھا کہ ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہوچکے ہیں تو وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئیں۔

نیویارک کی رہائشی مارگوٹ گرسٹر نے اپنی بیٹی کو ساتھ لیا اور اداسی کے خاتمے کے لیے چاپاقوا کے علاقے میں پہاڑوں میں ہائیکنگ کے لیے نکل پڑیں اور وہاں پہنچ کر اس وقت ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا جب ان کی پسندیدہ ہیلری بھی اپنے شوہر سابق صدر بل کلنٹن اور اپنے پالتو کتے کے ساتھ وہاں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

سب سے دلچسپ بات یہ کہ ہیلری بھی اپنا 'غم مٹانی' کے لیے ہی وہاں آئی تھیں۔

مارگوٹ نے ہیلری کلنٹن کے ساتھ اپنی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر شیئر کی اور اپنا تجربہ اور تاثرات بھی بیان کیے۔انھوں نے لکھا کہ ہیلری نے مجھے گلے لگایا، ہم نے کچھ خوشگوار باتیں کیں اور پھر اپنے اپنے راستے پر چل دیئے۔اور سب سے دلچسپ بات یہ کہ مارگوٹ اور ہیلری کی یہ تصویر سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے لی۔واضح رہے کہ مارگوٹ کی جانب سے شیئر کی گئی ہیلری کی یہ تصویر انتخابات میں شکست کے بعد مبینہ طور پر ان کی پہلی عوامی تصویر ہے جس کے بعد انھوں نے اپنے حامیوں سے خطاب کیا تھا۔واضح رہے کہ 8 نومبر کو ہونے والی پولنگ کے بعد ری پبلکن پارٹی کے رہنما ڈونلڈ ٹرمپ، ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن کو اپ سیٹ شکست دے کر 4 سال کے لیے امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہوئے۔

متعلقہ عنوان :