ذہین اور قابل طلباء اقبال کے شاہین اورپاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں ‘پروفیسر غیاث النبی طیب

پی جی ایم آئی میں ریسرچ کے مواقع اور جدید مشینری سمیت طلباء و طالبات کو طبی تعلیم کے لیے تمام سہولیات میسر ہیں

ہفتہ 12 نومبر 2016 18:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) پرنسل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ ذہین اور قابل طلباء پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒ نے بلا شبہ انہی کو اپنا شاہین قرا ردیا ہے۔ امیر الدین میڈیکل کالج کے نئے سیشن میں داخلہ لینے والے طلبا وطالبات کااب یہ فرض ہے کہ وہ محنت، لگن کے ساتھ کام کرتے ہوئے تعلیمی اور تحقیقی حوالوں سے اپنی پہچان بنائیں اور ادارہ کی نیک نامی میں اضافہ کرنے کا سبب بنیں۔

انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ شفا دینے والی اللہ کی ذات ہے مگر اللہ تعالیٰ نے اپنی مخلوق کو شفا دینے کیلئے آپ کے ہاتھ کو وسیلہ بنایا ہے ۔ آپ کی یہ پیشہ وارانہ ذمہ داری ہے کہ جب آپ عملی زندگی میں قدم رکھیں تو دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شیوا بنائیںکیونکہ آپ کی خدمت نہ صرف آپ کی کامیابی کی ضمانت ہے بلکہ آپ کے والدین کیلئے ایک عظیم صدقہ جاریہ ہے جس کا ثواب قیامت تک ان کو ملتا رہے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پروفیسر غیاث النبی طیب نے جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج میں داخلہ لینے والے پانچویں بیج کے 100طلباء و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیشن 2016-2017میں مجموعی طور پر51طلباء اور49طالبات شامل ہیں۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران، ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر غلام صابر ، ایڈیشنل ڈین ڈاکٹر بشری سہیل اور طلباء و طالبات کے والدین بھی موجود تھے۔

پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ قوم کو اس وقت صحت کے میدان میں اچھے اور قابل ڈاکٹروں کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعلی کی طرف سے قائم کردہ امیر الدین میڈیکل کالج ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور محکمہ صحت پنجاب نے صوبے بھر میں طبی سہولیات کی مفت اور فوری فراہمی کے لیے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔

امیر الدین میڈیکل کالج آنے والے وقتوں میں نہ صرف لاہور، شہر بلکہ پورے صوبے کا قیمتی اثاثہ ثابت ہوگا اور یہاں سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات طبی شعبے میں شاندار خدمات سرانجام دیں گے۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ امیرالدین میڈیکل کالج میں ریسرچ کے مواقع اور جدید مشینری سمیت طلباء و طالبات کو طبی تعلیم کے لیے درکار تمام سہولیات میسر ہیں۔

ادارے میں قائم ریسرچ لیب میں طلباء بیرون ملک ہونے والی طبی پیشرفت سے بروقت آگہی حاصل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امیرالدین میڈیکل کالج میں زیر تعلیم بچے اس لحاظ سے بڑے خوش قسمت ہیں کہ انہیں ایسے اساتذہ سے تدریس کے مواقعے میسر آئیں ہیں جو اندرون و بیرون ملک سپیشلائزیشن کی تعلیم دے رہے ہیں۔پی جی ایم آئی کے فارغ التحصیل معالجین دیہی مراکز صحت سے لے کر ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے اور میڈیکل کالجز میں درس و تدریس کی خدمات مؤثر طریقے سے انجام دے رہے ہیں یہ ڈاکٹر بیرون ملک بھی عزت اور وقار کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ادارے کے تجربہ کار اور محنتی فیکلٹی ممبرز کالج کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں ۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے اس توقع کا اظہار کیا کہ امیرالدین میڈیکل کالج میں داخل طلباء و طالبات ڈاکٹرز بن کر اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کریں گے اور دکھی انسانیت کے کام آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :