آزادکشمیر میںجنگلات کے فروغ کے لیی گرین وال کا چائنہ ماڈل اپنایا جائے گا‘ ناظم اعلی جنگلات

ہفتہ 12 نومبر 2016 18:26

بھمبر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء) ناظم اعلیٰ جنگلات آزادکشمیر سردار شفقت عزیز نے کہا ہے کہ جنگلات کے فروغ کے لیے چائنہ جس طرح گرین وال بنا رہا ہے آزادکشمیر میں بھی شجر کاری مہم کے دوران چائنہ ماڈل کو اپنایا جائے گا۔ جنگلات پر قبضہ مافیا کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی بنائی گئی ہے،افسران قبضہ مافیا کے خلاف سختی سے نمٹیں،جنگلات کی کٹائی کے باعث دنیا میں تیزی سے ماحولیاتی تبدیلیاں رونماء ہوئیں ،جنگلات کے بے دریغ کٹائوکو روکنے اور آزادکشمیر میں جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لیے شہری بھی تعاون کریں۔

ان خیالات کا اظہار سردار شفقت عزیز نے اپنے دورہ بھمبر کے دوران محکمہ جنگلات کے افسران وملازمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میںناظم جنگلات میرپورملک نثار ، ناظم تجدیدجنگلات چوہدری عبدالکریم،ڈٖی ایف او تجدیدچوہدری سلیمان،ڈی ایف او نارملراجہ عمران شفیع،ڈی ایف او راجہ عابد حسین ،رینج آفیسر راجہ منیر احمد ،رینج آفیسر اکرم سبحانی و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر ناظم اعلیٰ جنگلات نے افسران کو ہدایت کی کہ گرین بیلٹ کے فروغ اور فائر سیزن سے قبل جنگلات کو آگ کے نقصانات سے بچانے کے لیے اقدامات اٹھائیں ۔اس موقعہ پر ناظم اعلیٰ جنگلات کو محکمانہ بریفنگ بھی دی گئی۔