سابق فوجی افسران کے خلاف بھی اینٹی کرپشن بڑی کارروائی کررہا ہے‘ ڈی جی اینٹی کرپشن

ہفتہ 12 نومبر 2016 18:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا نے کہا ہے کہ سابق فوجی افسران کے خلاف بھی اینٹی کرپشن بڑی کارروائی کررہا ہے۔ بریگیڈیئر (ر) فاروق مان کے خلاف ایک بڑا کیس چل رہا ہے جبکہ اینٹی کرپشن نے اس کیس میں ملوث گریڈ 20 کے ایک افسر ندیم خان کو حراست میں لے رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی اینٹی کرپشن نے کہا کہ اس وقت گریڈ 20 کے حاضر سروس افسر عامر حفیظ کے خلاف بڑی انکوائری چل رہی ہے جس میں ان کے بھائی ندیم خان کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بحیثیت سربراہ اینٹی کرپٹن خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ندیم خان کے چھ مربع کی جائیداد بھی ضبط کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مظفر علی رانجھا نے کہا کہ انہوں اپنے ساتھ تمام افسر نیک نیت اور شفاف شہرت کے حامل لگائے ہیں۔ تاہم اینٹی کرپشن میں کرپٹ کالی بھیڑوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ (اے ملک)

متعلقہ عنوان :