ہر حکومت فلاح و بہبود کے کام کرنے کی بجائے ٹائم پاس کرکے چلی جاتی ہے ،سید خورشید شاہ

آج کل بیوٹیشن ہی ناخن تراشنے کے پانچ ہزار روپے لے لیتے ہیں ،سوچ رہا ہوں خود بھی کوئی کورس کر لوں،میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 12 نومبر 2016 18:06

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2016ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ہر حکومت کے پاس وقت ہوتا ہے کہ لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرے لیکن حکومتیں ٹائم پاس کر کے چلی جاتی ہیں ۔ہفتہ کو آئی بی اے سکھر میں طلبا کو اعزازات دئیے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کا کام ہوتا ہے ۔

لیکن بدقسمتی سے حکومت نے کبھی اپنی ذمہ داری محسوس نہیں کی ۔

(جاری ہے)

حکومت مجموعی آبادی سے دو فیصد کو روزگار فراہم کر سکی ہے جبکہ پرائیویٹ سیکٹر 98 فیصد روزگار فراہم کرتا ہے ، مشکل یہ ہے کہ حکومت پرائیویٹ سیکٹر کو فروغ دینے میں بھی ناکام رہی ہے اس لیے بے روزگاری محسوس بھی ہوتی ہے اور بڑھتی معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بہتر انداز میں رہنمائی کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں، خورشید شاہ نے کہا کہ آج کل بیوٹیشن ہی ناخن تراشنے کے پانچ ہزار روپے لے لیتے ہیں اس لیے میں سوچ رہا ہوں خود بھی کوئی کورس کر لو ں، میری دو بیویاں ہیں دس ہزار روپے ماہانہ یہ بھی بچ جائیں گے، انہوں حکومت پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے ۔