امیر الدین میڈیکل کالج کے طلبا وطالبات محنت اورلگن کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں اپنی پہچان بنائیں،پروفیسر غیاث النبی

ہفتہ 12 نومبر 2016 18:02

لاہور۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء)پرنسل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ ذہین اور قابل طلباء پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، امیر الدین میڈیکل کالج کے نئے سیشن میں داخلہ لینے والے طلبا وطالبات کافرض ہے کہ وہ محنت اورلگن کے ساتھ کام کرتے ہوئے تعلیمی اور تحقیقی حوالوں سے اپنی پہچان بنائیں اور ادارہ کی نیک نامی میں اضافہ کرنے کا سبب بنیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج میں داخلہ لینے والے پانچویں بیج کے 100طلباء و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیشن 2016-17میں مجموعی طور پر51طلباء اور49طالبات شامل ہیں، تقریب میں فیکلٹی ممبران، ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر غلام صابر ، ایڈیشنل ڈین ڈاکٹر بشری سہیل اور طلباء و طالبات کے والدین بھی موجود تھے، پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ قوم کو اس وقت صحت کے میدان میں اچھے اور قابل ڈاکٹروں کی اشد ضرورت ہے،وزیراعلی کی طرف سے قائم کردہ امیر الدین میڈیکل کالج ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا،پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ امیرالدین میڈیکل کالج میں ریسرچ کے مواقع اور جدید مشینری سمیت طلباء و طالبات کو طبی تعلیم کے لیے درکار تمام سہولیات میسر ہیں،ادارے میں قائم ریسرچ لیب میں طلباء بیرون ملک ہونے والی طبی پیشرفت سے بروقت آگہی حاصل کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ ادارے کے تجربہ کار اور محنتی فیکلٹی ممبرز کالج کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں ۔