پاک چائنہ اقتصادی منصوبہ کو ناکام بنانے والے پاکستان سے مخلص نہیں ‘سی پیک منصوبہ پاکستان اور آزادکشمیر کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے ‘پاک چائنہ اقتصادی راہداری میں آزادکشمیر بھی شامل ہوگا‘بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے ریاست جموں وکشمیر کے عوام کا قاتل ہے‘مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج نہتے کشمیریوں کو انسانیت سوز مظالم کا نشانہ بنارہی ہے

قائمقام وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ نثار احمد خان کی ظہرانے کے موقع پر بات چیت

ہفتہ 12 نومبر 2016 17:19

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے قائمقام وزیر اعظم راجہ نثار احمد خان نے کہا ہے کہ پاک چائنہ اقتصادی منصوبہ کو ناکام بنانے والے پاکستان سے مخلص نہیں ہوسکتے ۔سی پیک منصوبہ پاکستان اور آزادکشمیر کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے ۔پاک چائنہ اقتصادی راہداری میں آزادکشمیر بھی شامل ہوگا ۔

بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے اور ریاست جموں وکشمیر کے عوام کا قاتل ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج نہتے کشمیریوں کو انسانیت سوز مظالم کا نشانہ بنارہی ہے اور بھارت سیز فائر لائن پر بھاری توپ خانے کے ذریعے شہریوں پر بمباری کر رہا ہے جو اقوام متحدہ اور عالمی امن کے علمبرداروں کے لیے بڑا چیلنج ہے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے بیرون ممالک دورہ سے تحریک آزادکشمیر پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن)آزادکشمیر میں قانون و قاعدے کی عملداری کو بھی یقینی بنارہی ہے ۔کسی سے انتقام نہیں لیا جائے گا البتہ خرابیاں پیدا کرنیوالوں کو کیفر کردار تک ضرور پہنچائیں گے ۔مسلم لیگی کارکنان اطمینان رکھیں سابقہ دور میں ہونیوالی زیادتیوں اور ناانصافیوں کا ازالہ کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسلم لیگ (ن)کے راہنما نمبردار راجہ محمد فاروق اعظم خان کی طرف سے دیے گے ظہرانہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر آزادکشمیر اسمبلی کے ممبر ان چوہدری محمد سعید ،سابق ممبر اسمبلی وکشمیر کونسل راجہ مقصود احمد خان ،نذیر انقلابی،مسلم لیگ ن سماہنی کے صدر راجہ منیر اللہ خان ،سابق امیدواران اسمبلی راجہ رزاق ،راجہ رزاق کشمیر ی ایڈووکیٹ ،چیف پراسکیوٹر نوید ریاض بٹ،ڈپٹی کمشنر انصر یعقوب،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ فاروق اکر م خان ، اسسٹنٹ کمشنر راجہ قیصر اورنگزیب، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سعادت کیانی ،مسلم لیگ ن کے راہنما طاہر مرزا، راجہ خالد خان ایڈووکیٹ،شجاع حیدر لودھی ایڈووکیٹ،ممتاز بینکار راجہ محمد وسیم خان ،سابق صدر چیمبر آف کامرس ڈاکٹر محمداکرم چوہدری ،سابق کمشنر امور منگلا ڈیم راجہ فضل الرحمان ،راجہ زبیر ایڈووکیٹ، صدر مسلم لائر فورم راجہ محمد شبیر خان ، ا ویس بھٹی ،سنیئر صحافی لالہ ط راجہ غلام محی الدین ،راجہ عبدالقیوم خان ،پروفیسر صغیر آسی ،مسلم یوتھ کے چیئرمین راجہ زبیر اصغر ،ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن غلام یاسین ،اے جے کے بینک کے راجہ وسیم خان ،کیپٹن ریٹائرڈ راجہ ندیم خان ،راجہ شاہد ایڈووکیٹ کے علاوہ وکلاء ،صحافیوں ،انجمن تاجراں ،چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز ،مسلم لیگ ن کے کارکنان سمیت دیگر افراد نے کثیر تعدا د میں شرکت کی ۔

قبل ازیں قائمقام وزیر اعظم راجہ نثار احمد خان جب میرپور پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔قائمقام وزیر اعظم راجہ نثار احمد خان نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام نے الیکشن میں مسلم لیگ ن پر جو بھاری اعتماد کا اظہار کیا ہے حکومت اس کے مطابق پانچ سالوں میں نظام حکومت میں اصلاحات لا کر لوگوں کے مسائل حل کرے گی ۔

انھوں نے کہا کہ انصاف اور میرٹ کا قتل عام نہیں ہونے دیں گے سرکاری بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ پر ہوں گی ۔کوئی شخص حقدار کے حق کو چھین نہیں سکتا ۔سفارشی ،برادری اور علاقائی ازم کے کلچر کو ختم کر دیا ہے ۔تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں برادریوں اور قبیلوں کو لڑانے والے اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں ۔پوری ریاست کے عوام ایک برادری اور ایک قبیلہ ہیں ۔

مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر بھر میں بلا تخصیص ذات پات اور تعصبات سے بلا تر ہوکر عوامی خدمت کے ایجنڈے پر کاربند ہے ۔وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے تمام غیر ضروری پروٹوکول اور غیر ضروری اخراجات کم کرنے کی ہدایات دے رکھی ہیں ۔حکومت ریاستی وسائل کو امانت سمجھ کر لوگوں کی فلاح وبہبود پر خرچ کرے گی انھوں نے کہا کہ سابقہ دور میں اداروں کو تباہ وبرباد کیا گیا انھوں نے کہاکہ ہم کوئی بڑا یا ہوائی اعلان نہیں کریں گے وہی منصوبے رکھیں گے جن کی تکمیل کے لیے وسائل موجود ہوں گے جعلی اعلانات کر کے لوگوں کو بیوقوف نہیں بنا سکتے انھوں نے کہا کہ پاک چائینہ اقتصادی راہداری سے پاکستان اور آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں نکلیں گی ۔

لوگوں کو روزگار کی سہولتیں بھی دستیاب ہوں گی جبکہ آزادکشمیر میں موٹر وے بھی بنائی جائے گی ۔