پاکستانی معیشت کے استحکام کیلئے پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی دی جائے، پاکستان کے نجی شعبہ کا نومنتخب امریکی صدر سے مطالبہ

ہفتہ 12 نومبر 2016 16:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء) پاکستان کے نجی شعبہ نے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستانی معیشت کے استحکام کیلئے پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فری امریکی منڈیوں تک رسائی دیں۔ ہفتہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ افتخار علی ملک نے پاکستان اور امریکہ کے مابین تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تجارتی اور سرمایہ کاری سے متعلق مسائل حل کرنے کے لئے ایک جامع لائحہ عمل وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے امریکہ کے نومنتخب صدر کی طرف سے امریکہ کو ایک بار پھر عظیم ملک بنانے کے لئے معاشی روڈ میپ کے اعلان کو سراھتے ہوئے کہا کہ معشیت ملکی استحکا م کی کنجی ہیاور ملک متحد رکھنے کے لئے ایک مضبوط قوت ہے۔

(جاری ہے)

اس پاکستان اور امریکہ اپنے کو معاشی روابط کو فروغ دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد امریکہ کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کھربوں ڈالر نقصان ہوا، دونوں ممالک معیشت کے شعبہ میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دے کر معاشی ترقی کے اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے نجی شعبہ کیلئے پاکستان کے مختلف شعبوں خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس چیمبر آف کامرس دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کیلئے ابھرتی ہوئی منڈی ہے جبکہ دونوں ممالک اہم تجارتی شراکت دار بھی ہیں جبکہ پاکستان میں رئیل سٹیٹ اور افرادی قوت دیگر ممالک کے مقابلہ میں سستی ہے۔

انہوں نے سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے ساتھ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہیلری کلنٹن کے ساتھ پاکستانی مصنوعات کو امریکہ میں ڈیوٹی فری رسائی پر بات چیت ہوئی تھی، امید ہے کہ اس سلسلہ میں نومنتخب صدر پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی کیلئے اقدامات کریں گے جو کہ دونوں ممالک کیلئے مفید ہے۔ انہوں نے امریکہ کے جی ایس پی پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس کا اہم بینیفشری ہے لیکن بدقسمتی سے اس کے ثمرات سے مکمل طور پر استفادہ نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو ایس چیمبر آف کامرس کے صدر تھامس ڈونوہوئی پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی کے حوالہ سے پہلے ہی حمایت کر چکے ہیں جس پر مزید پیش رفت وقت کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :