افغان پارلیمنٹ نے خراب کارکردگی پر وزیر خارجہ سمیت 3وزراء کو برطرف کردیا

تینوں وزراء ترقیاتی بجٹ کے اخراجات کے حوالے سے تسلی بخش بریفنگ دینے میں ناکام رہے ،صدر سے اعتماد کے ووٹ کیلئے نئے وزراء کو نامزد کرانے کی درخواست کی گئی ہے،اسپیکر پارلیمنٹ عبدالرئوف ابراہیمی

ہفتہ 12 نومبر 2016 16:32

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) افغان پارلیمنٹ نے خراب کارکردگی اورترقیاتی بجٹ کے اخراجات کے حوالے سے تسلی بخش بریفنگ دینے میں ناکامی پر وزیر خارجہ سمیت 3وزراء کو برطرف کردیا۔افغان میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ نے ترقیاتی بجٹ کے اخراجات کے حوالے سے تسلی بخش بریفنگ دینے میں ناکام رہنے پر وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی ،وزیر پبلک ورکس محمود بلیغ اور لیبر وسماجی امور،شہدا ومعذورکی وزیر نسرین اوریاخیل کو برطرف کردیا ہے ۔

وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے اعتماد کی58 ووٹوں کے مقابلے میں برخاستگی کے 140ووٹ ملے۔ نسرین اوریاخیل کو اعتماد کے 56ووٹوں کے مقابلے میں برخاستگی کے 143ووٹ ملے جبکہ وزیر پبلک ورکس محمود بلیغ کو اعتما دکے 33ووٹوں کے مقابلے میں برخاستگی کے 164ووٹ ملے۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ہر وزیر کو اپنے عہدے کی منظوری کیلئے 118اعتماد کے ووٹ حاصل کرنا تھے ۔

اسپیکر پارلیمنٹ عبدالرئوف ابراہیمی کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ نے تین وزراء کو برخاست کردیا ہے اور صدر اشرف غنی سے اعتماد کے ووٹ کیلئے برطرف وزرا کی جگہ نئے مناسب افراد نامزد کرنے کی درخواست کی ہے ۔ وزرا کی توثیق بھی پارلیمنٹ سے حاصل کرنا لازمی ہے۔واضح رہے کہ افغان پارلیمنٹ نے جن تین وزرا کو برطرف کیا ہے، ان پر نامناسب کارکردگی کے علاوہ مختص بجٹ کا قبل از وقت استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :