شہدادپور ، ایک درجن سے زائدعطائی ڈاکٹرز کے کلینک ، متعدد میڈیکل سٹورز ،عطائی ڈینٹل ڈاکٹرز کے کلینک سیل

ہفتہ 12 نومبر 2016 16:12

شہدادپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2016ء)ڈپٹی کمشنر سانگھڑ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر شہدادپور کی عطائی ڈاکٹرز ، جعلی میڈیکل اسٹورزاور جعلی پیتھالوجی لیبارٹریوں کے خلاف کارروائی ، ایک درجن سے زائدعطائی ڈاکٹرز کی کلینک ، متعدد میڈیکل اسٹورز اور عطائی ڈینٹل ڈاکٹرز کے کلینک سیل ، چھاپوں کے دوران عطائی ڈاکٹرز اپنی کلینکوں کو تالے لگا کر فرار ، ایک ڈاکٹر سمیت تین افراد گرفتار ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سانگھڑ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر شہدادپور سید مرتضیٰ علی شاہ نے مختیار کار بابر نظامانی ، تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف پرویز ، الطاف حسین اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ شہدادپور کے علاقے سوائی روڈ ، ہرداس پورہ اور اسٹیشن روڈ پرعطائی ڈاکٹرز ، جعلی میڈیکل اسٹورزاور جعلی پیتھالوجی لیبارٹریوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ایک درجن سے زائدعطائی ڈاکٹرز کی کلینک ، متعدد میڈیکل اسٹورز اور عطائی ڈینٹل ڈاکٹرز کے کلینک سیل کر دیئے ۔

(جاری ہے)

ان میں ڈاکٹر رفیق بھٹی کا حسین میڈیکل سینٹر اور اس سے متصل پیتھالوجی لیبارٹری ، بھٹائی سینٹر ، کراچی الٹرا سائونڈ سینٹر ، ڈاکٹر جگدیش کمار کلینک ، راٹھی ڈینٹل کلینک ، ڈاکٹر نور محمد بھانیجو کلینک ، ڈاکٹر کشور کمار کلینک ، ڈاکٹر نند کمار و دیگر شامل ہیں جبکہ ایک کلینک پر باہر سے تالے لگے ہوئے تھے اور اس کے برابر میڈیکل اسٹور کے بند دروازے کو کھولا گیا تو عطائی ڈاکٹر سنتوش کمار اور کمپائونڈر سمیت دو درجن مریض اندرچھپا رکھے تھے پولیس نے عطائی ڈاکٹر اور کمپائونڈر کو گرفتار کر کے ایک اور شخص کو حراست میں لے لیا۔

ان چھاپوں کے دوران عطائی ڈاکٹرز اپنی کلینکوں کو تالے لگا کر فرار ہو گئے ۔اسسٹنٹ کمشنر نے پیتھالوجی لیبارٹریوں کے مالکان کو 3 ۔ روز میں قانونی کاروائی مکمل کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے ۔