بان کی مون کی نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارکباد

ہفتہ 12 نومبر 2016 14:43

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا اور اقوام متحدہ کے درمیان گہرے روابط برقرار رہیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ جنہوں نے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کے خلاف حیران کن کامیابی حاصل کی، 20 جنوری 2017ء کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے جاری بیان کے مطابق بان کی مون نے ڈونلڈ ٹرمپ کو گزشتہ روز ٹیلی فون کیا اور انہیں امریکا کا 45واں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ بان کی مون نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور اقوام متحدہ دنیا بھر میں امن کے قیام، سلامتی ، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کی صورتحال میں پیشرفت کیلئے تعاون پر مبنی مضبوط روایتی تعلقات جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ بان کی مون اپنی دوسری پانچ سالہ مدت پوری ہونے پر رواں سال کے آخر میں سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑ دیں گے ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے گزشتہ ماہ پرتگال کے سابق وزیراعظم انٹونیو گٹریز کو نیا سیکرٹری جنرل منتخب کیا تھا جو یکم جنوری کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

متعلقہ عنوان :